بھارت کی ریاست کیرالہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 215 ہوگئی

حکام کے مطابق 206 افراد تاحال لاپتا ہیں، جن کی تلاش کا کام جاری ہے


ویب ڈیسک August 04, 2024
کیرالہ میں 206 افرد لاپتا ہیں—فوٹو: رائٹرز

بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ میں رواں ہفتے بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 215 ہوگئی ہے اور 206 تاحال لاپتہ ہیں۔

غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ریاست کیرالہ کے عہدیداروں نے کہا کہ لینڈسلائیڈنگ سے ہلاکتوں کے علاوہ 206 افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع ویاناد میں لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ منگل کو پیش آیا تھا جس کے بعد امدادی کام شروع کردیا گیا جو پانچویں روز بھی جاری ہے۔

کیرالہ میں امدادی کارروائیوں کے دوران جمعے کو ایک گھر سے 4 افراد کو زندہ نکال لیا گیا تھا، بدترین لینڈ سلائیڈنگ کے تین روز بعد تلاش کے کام میں تیزی لائی گئی تھی اور اہم پل کی تعمیر بھی کردی گئی تاکہ امدادی کام کے لیے مشینری منتقل کی جائے۔

مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ سے 300 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

کیرالہ کے وزیراعلیٰ پنارائی ویجایان کا کہنا تھا کہ تلاش کا کام تقریباً مکمل ہونے والا ہے۔

حکومتی عہدیدار کا کہنا تھا کہ حکومت کا لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہونے والے افراد کی بحالی کے لیے جامع منصوبہ بنا رہی ہے۔

ادھر شمالی ریاست ہماچل پردیش کے عہدیداروں نے کہا کہ جمرات کو کلاؤڈ برسٹ سے 6 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 47 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں