لیاری چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق 7 زخمی

زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، ریسکیو ذرائع

چھت گرنے سے زخمی افراد میں خاتون بھی شامل ہیں:فوٹو:فائل

کراچی کے علاقے لیاری میں 2 گھروں کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور خاتون سمیت 7 زخمی ہوگئے۔

لیاری کے علاقے مین میوہ شاہ روڈ ، چھاچھی اسٹریٹ چاکیواڑہ تھانے کے قریب رہائشی مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 2 محنت کش جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملنے پرعلاقہ پولیس اورریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ۔ریسکیو کے عملے نے علاقہ مکینوں کی مدد سے ملبے تلے دبے ہوئے افراد کو نکال کر ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق مکان کے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 30 سالہ حسین علی ولد لال محمد اور 28 سالہ منصور ولد علی بلال کے ناموں سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والوں میں 20 سالہ کامران ولد حبل ، 37 سالہ شکور ولد اختر ، 35 سالہ موسیٰ ولد عبد اللہ ، 30 سالہ آفتاب ولد نبی اور 30 سالہ عبد الرحمان ولد چن گل شامل ہیں۔


جاں بحق ہونے والوں کا تعلق ایک ہی گاؤں ضلع خیر پور میرس گاؤں نندو تارو سے ہے ۔ پولیس نے جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بارے میں علاقہ مکینوں سے تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔

کلری کے علاقے عبد اللہ ہارون روڈ لیاری کھڈا مارکیٹ فردوس مسجد کے قریب مکان کی چھت گر گئی۔ ریسکیو کی ٹیموں نے علاقہ مکینوں کی مدد سے مکان کے ملبے تلے دب کر زخمی ہونے والی ایک خاتون اور ایک شخص کو سول اسپتال منتقل کیا ۔ زخمیوں کی شناخت 27 سالہ علی اکبر ولد احمد اور 50 سالہ نذیرہ بی بی زوجہ رحمت کے ناموں سے کی گئی۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
Load Next Story