پی ٹی آئی جلسہ مرکزی بینر سے شاہ محمود قریشی اور مراد سعید کی تصاویر غائب

کارکنوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد راتوں رات صوابی جلسے کا بینر تبدیل کردیا گیا


ویب ڈیسک August 05, 2024
پرانے بینر پر 20 جب کہ نئے بینر پر 10 رہنماؤں کی تصاویر لگائی گئی ہیں

پی ٹی آئی کے جلسے میں لگے مرکزی بینر پر شاہ محمود قریشی اور مراد سعید کی تصاویر نہیں لگائی گئیں، جس پر کارکن شش و پنج کا شکار ہو گئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے صوابی جلسے میں کنٹینر پر لگے مرکزی بینر پر شدید تنقید کی ہے، جس پر سابق وزیر خارجہ اور پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے علاوہ سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کی تصاویر غائب تھیں۔


کارکنوں کی جانب سے بینر پر تصاویر شائع نہ کیے جانے کے خلاف سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی، جس کے بعد جلسے کی انتظامیہ نے راتوں رات بینر تبدیل کروایا۔


جلسے کے لیے کنٹینر پر لگائے گئے پہلے بینر پر 20 رہنماؤں کی تصاویر لگائی گئی تھیں، جس میں شاہ محمود قریشی اور مراد سعید کی تصاویر نہیں تھیں۔ بعد ازاں کارکنوں کے احتجاج اور شدید تنقید پر نئے بینر پر شاہ محمود قریشی سمیت 10 رہنماؤں کی تصاویر لگائی گئی ہیں۔


نئے بینر پر سابق گورنر شاہ فرمان اور صوبائی وزرا کی تصاویر ہٹا دی گئی ہیں، جنہیں پہلے والے بینر پر لگایا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔