عالمی برادری کشمیریوں کی حالت زار پر آنکھیں بند نہ کرے شرجیل میمن

کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل صرف اور صرف کشمیریوں کی حق خود ارادیت میں ہی پنہاں ہے، یوم استحصال پر پیغام

فوٹو:فائل

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ یوم استحصال کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے اور انصاف اور خود ارادیت کے لیے آواز بلند کرنے کا دن ہے۔

یوم استحصال کے موقعے پراپنے پیغام میں سینئر منسٹر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عالمی برادری کشمیریوں کی حالت زار پر آنکھیں بند نہ کرے ، ان کے حقوق اور آزادی کی وکالت جاری رکھے، پانچ سال قبل کشمیر کی خصوصی حیثیت چھین کر کشمیری عوام کی آوازوں اور امنگوں کو دبانے کی سازش کی گئی۔


انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران جموں و کشمیر کے عوام نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں بے شمار تکالیف اور مصائب کا سامنا کیا ہے، بھارتی اقدامات کی وجہ سے خطے نے عدم تحفظ کے احساس نے جنم لیا ہے، دنیا بھر کی مہذب قومیں بھارت کے بیہودہ اقدامات پر سوال اٹھا رہی ہے۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، من مانی حراستوں، اظہار رائے کی آزادی پر قدغنوں میں ملوث رہا ہے، کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل صرف اور صرف کشمیریوں کی حق خود ارادیت میں ہی پنہاں ہے۔
Load Next Story