خاتون کے سر میں جوئیں رینگنے پر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

امریکی ایئر لائن کی پرواز لاس اینجلس سے نیویارک جارہی تھی جسے فونکس میں اتارا گیا

فوٹو: انٹرنیٹ

مسافر خاتون کے سر میں جوئیں رینگنے پر امریکی ایئر لائن کے طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑگئی۔

بھارتی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لاس اینجلس سے نیویارک جانے والی امریکن ایئرلائنز کی پرواز 2201 کو خاتون کے بالوں میں جوئیں رینگنے کی شکایت پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی۔

فلائٹ میں موجود ایک مسافر ایتھن جوڈیلسن نے ٹک ٹاک ویڈیو میں واقعے کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ عملے نے ہنگامی لینڈنگ کے بارے میں اُس وقت بہت کم معلومات فراہم کی تھیں۔

اپنی ویڈیو میں مسٹر جوڈیلسن نے اس منظر کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں چاروں طرف دیکھتا ہوں کہ مسافروں میں سے کوئی خوفزدہ نہیں تھا لیکن جیسے ہی ہم لینڈ کرتے ہیں تو ایک عورت تیزی سے ہوائی جہاز کے سامنے کی طرف بھاگتی ہے۔


طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد جوڈیلسن نے ساتھی مسافروں کو گفتگو کرتے سنا کہ دو مسافروں نے ایک خاتون کے بالوں میں جوئیں رینگتے ہوئے دیکھی تھیں جس سے انہوں نے فلائٹ اٹینڈنٹ کو آگاہ کیا تھا۔

امریکن ایئر لائنز نے بعد میں ایک بیان جاری کیا جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ طبی ایمرجنسی کی وجہ سے پرواز کا رخ موڑ دیا گیا اور ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

طیارے کی ہنگامی لینڈنگ پر مسافروں کو 12 گھنٹے کی تاخیر کی اطلاع دی گئی اور انہیں ہوٹل کے واؤچر بھی دیے گئے۔

یہ واقعہ 15 جون کو پیش آیا تھا اور مذکورہ پرواز لاس اینجلس سے نیویارک جارہی تھی جسے طبی ایمرجنسی کی وجہ سے فونکس میں اتارا گیا۔
Load Next Story