خیالی پلاؤ

مشہور ٹیگور خاندان کی شرمیلی ٹیگوری سے شادی کی تو اور بھی واہ واہ ہوگئی


Saad Ulllah Jaan Baraq August 06, 2024
[email protected]

ایک پشتو کہاوت ہے کہ ہرن یوں بھی دوڑنے میں کیا کم''تیز''تھا کہ اب گلے میں گھنگرو بھی باندھ لیے۔کپتان پٹودی خاندان کی معاونہ اداکارہ، گلوکارہ اور کلاکارہ کرینہ سیف پہلے کیا کم بیان خیز تھی، اوپر سے اب وہ پروفیسر، ڈاکٹر،بیرسٹر اور انجینئرہ بھی ہوگئی ہے۔ یعنی دو دھاری تلوار،دوآتشہ شراب اور دونالی بندوق بھی ہوگئی ہے گویا ؎

دن بدن بڑھتی رہیں اس حسن کی رعنائیاں

پہلے گل،پھر گل بدن پھر گل بداماں ہوگئے

چنانچہ اب وہ اپنے سارے القابات و خطابات کے ساتھ نئے عہدوں سے لیس ہوکر نہ صرف امپورٹڈ اداکارہ کترینہ کیف کو نشانے پر لیے ہوئے ہے بلکہ اس کی بھتیجی اداکارہ میری کو ہدف بنائے ہوئے ہے۔مثلاً اداکارہمیری میری کاپی کررہی ہے، میری کی ناک میں''دو نتھنے'' ہیں۔ میری کا سر کانوں کے بیچ میں ہے۔ میری اوورایکٹنگ کرتی ہے۔ میری کے ہونٹ پلاسٹک کے ہیں۔اس کی فلمیں فلاپ ہورہی ہیں۔ وہ اپنے بال رنگتی ہے۔ وہ کھانا کھاتے ہوئے''چپ چپ'' اور چائے پیتے ہوئے سُڑک سُڑک کرتی ہے۔ ا

داکارہ میری آئیڈیا چراتی ہے۔ اس کو ڈانس نہیں آتا۔ میری آئٹم سانگ نہیں کرسکتی۔ میری کے سامنے والے دو دانت مصنوعی اور صرف دکھانے کے ہیں خاص طور پر جب سے اس نے چند اور ڈگریاں حاصل کی ہوئی ہیں، اس کے نخرے اور اداؤں والی تصاویر فلم میگزین میں سرورق پر شایع ہونے لگی ہیں۔ اس کے بیانات میں مزید تیزی تُندی اور جوش پیدا ہوا ہے۔تازہ ترین بیانات میں تو وہ کترینہ کیف اور اداکارہ میری کو طرح طرح کی دھمکیاں بھی دینے لگی ہے۔مثلاً میں کترینہ کیف کی اینٹ سے اینٹ بجادوں گی۔

کترینہ اور پرنس اتنا ظلم کریں جتنا برداشت کرسکیں۔ پٹودی اداکاروں کا بہت جلد گالی وڈ پر دوبارہ قبضہ ہونے والا ہے۔شرمیلی ٹیگوری بہت جلد نواب بیگم بننے والی ہے اور سیف علی خان کی بلاک بسٹر فلمیں آنے والی ہیں امپورٹڈ اداکارہ کترینہ کیف اور اس کی بھتیجی میری کا سورج بہت جلد ڈوبنے والا ہے اور پٹودی اداکاروںکا خاندان ایک مرتبہ پھر گالی ووڈ کا حکمران بننے والا ہے۔

ترجمہ۔ کپتان پٹودی کا پیام منارہ نو اور مژدہ جان فزا ہے اگر اس کی قربت چاہیے تو خلوص کے ساتھ اس کے ساتھ ہوجایئے۔سوائے اس کی مدح و ثنا کے اور کچھ بھی کریں کہ قدرت اس کے ساتھ ہے۔ پٹودی خاندان جس کی رہبر و رہنما پروفیسرہ ڈاکٹرہ انجینئرہ و اداکارہ و گلوکارہ و آئٹم گرل کرینہ سیف ہے۔ یہ ایک معمولی سا خاندان تھا لیکن اس کے ایک رکن منصورعلی خان نے کرکٹ کا کپتان بن کر شہرت حاصل کی حالانکہ کرکٹ کے دوسرے کھلاڑیوں کہیں زیادہ اچھے اور اسٹائلش تھے لیکن نام کپتان پٹوڈی کا ہوگیا اور قومی ہیرو بن گیا، پھر اس نے اپنے ہیروپن کو کیش کرکے شرمیلی ٹیگوری کو اپنا رہنما بنا لیا، یہاں بھی نام کپتان پٹودی عرف شرمیلی ٹیگوری ہوگیا۔

مشہور ٹیگور خاندان کی شرمیلی ٹیگوری سے شادی کی تو اور بھی واہ واہ ہوگئی اور اس واہ واہ کو بھی اس نے کیش کیا تو پٹودی خاندان اداکاروںکا سربراہ بن گیا۔اور پھر اس کے خاندان میں یہ کرینہ کپور بھی کرینہ سیف بن کر آگئی۔جو شہرت کی اتنی بھوکی ہے کہ اگر اس کا بس چلے تو بالی ووڈ سے ہر اداکارہ کا خاتمہ کردے۔ویسے کسی حد تک کامیاب بھی ہوچکی ہے۔ریاست کے سارے اخبارات میں روزانہ اس کے بیانات اور تصاویر آرہی ہیں جس دن اس کے پاس کہنے کے لیے کچھ بھی نہ ہو اس دن کسی سے ملاقات کی تصویر سے کام چلالیتی ہے اور اس کی اطلاعات بھی کمال کی ہوتی ہیں۔پٹودی خاندان نے ناشتہ کیا۔

پٹودی خاندان کے سربراہ نے چہل قدمی کی، شرمیلی ٹیگوری مسکرائی۔سیف علی خان نے آج ناشتے پر اُبلے انڈے کھاتے ہوئے ''واو'' کہا۔ سیف علی خان نے آج اپنی ناموجود مونچھوں کو تاؤ دیا۔پٹودی خاندان بہت جلد اپنی ریاست کو سوئزر لینڈ بنالے گا ، شرمیلی ٹیگوری نے جنترمنتر سے نواب پٹودی کو ہوا میں اڑانا شروع کردیا ہے۔سیف علی خان نے سیٹی بجائی۔شرمیلی ٹیگوری کے جنترمنتر سے نواب پٹودی دوبارہ جوان ہوگیا۔ پٹودی نامی جاگیر میں دودھ اور شہد کی نہروں کے ساتھ ساتھ سوفٹ ڈرنکس اور منرل واٹر کے نلکے بھی بہنے لگے ہیں۔ عوام کو ان کی دہلیز پر گوشت پلاؤ اور بریانی دی جارہی ہے۔

جاگیر میں شیر اور بکری ایک ہی بوتل میں ڈال کر منرل واٹر پی رہے۔ اداکار نوابوں نے ہر فرد کو ایک ایک ''چین کی بانسری'' دی ہوئی جو وہ دن رات بجا رہے ہیں۔کرینہ سیف چونکہ بہت ہی لائق فائق،کوالیفائڈ اور ماہر ہیروئن ہے اس لیے وہ بالی ووڈ گالی ووڈ اور دنیا کے دوسرے ممالک کے ساتھ بھی چومکھی لڑرہی ہے اور خاص طور پر کترینہ کیف اور اس کی بھتیجی میری کی تو روزانہ خبر لیتی ہے اور طرح طرح کی دھمکیاں دے کر ڈراتی ہے مثلاً کترینہ کیف کے بارے میں کہا ہے کہ بہت جلد وہ ناکام ہوکر گالی ووڈ سے بوریا بستر گول کردے گی اور ایک مرتبہ پورے گالی وڈ میں پٹودیوں عرف ٹوڈیوں کا بول بالا ہوجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں