پارٹی وابستگی تبدیل نہ کرنے کا الیکشن ایکٹ ترمیمی بل قومی اسمبلی سے منظور

اپوزیشن اراکین کی بل کی مخالفت، ایوان میں شدید احتجاج، عدلیہ پر حملہ نامنظور کے نعرے


ویب ڈیسک August 06, 2024
پارلیمنٹ کو سپریم کورٹ پر حملے کیلئے استعمال کیاگیا، سنی اتحاد کونسل

قومی اسمبلی نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 منظور کرلیا جس کے تحت آزاد امیدوار مخصوص مدت کے بعد کسی اور سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہوسکتا۔

یہ پڑھیں : الیکشن ایکٹ مجوزہ ترمیم؛ قائمہ کمیٹی اجلاس میں علی محمد خان اور اعظم نذیر تارڑ میں تلخی

اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی بلال کیانی نے الیکشن ایکٹ میں دوسری ترمیم کا بل پیش کیا۔

سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے مجوزہ بل میں ترامیم پیش کیں لیکن حکومتی ارکان نے کثرت رائے سے تمام ترامیم مسترد کردیں۔

علی محمد خان نے کہا کہ الیکشن ایکٹ کے ذریعے عدلیہ پر حملہ کیا گیا ہے، اس قانون کے ذریعے پارلیمنٹ کو سپریم کورٹ پر حملے کیلئے استعمال کیاگیا، تحریک انصاف کو سپریم کورٹ کے فیصلے سے حق ملا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کس طرح ہمیں اس حق سے محروم کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم، پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار

سنی اتحاد کونسل اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ اراکین نے الیکشن ترمیمی بل کی مخالفت کرتے ہوئے ایوان میں احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔

انہوں نے عدلیہ پر حملہ نامنظور کے نعرے لگائے۔ شور شرابے کے باعث ایوان مچھلی منڈی بن گیا۔

قومی اسمبلی نے کثرت رائے سے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 منظور کرلیا۔ اس قانون کا اطلاق 2017 سے کیا جائے گا۔

یہ پڑھیں : الیکشن کے بعد پارٹی وابستگی ظاہر کرنے والا امیدوار کسی اور جماعت میں شامل نہیں ہوسکتا، الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پیش

نئے قانون کے تحت آزاد امیدوار آئین اور قانون میں درج مخصوص مدت کے بعد کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کا حق استعمال نہیں کرسکتے۔

یہ بھی پڑھیں : الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 سینیٹ سے بھی منظور

آئین اور الیکشن ایکٹ 2017 میں آزاد امیدواروں کو دوبارہ کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ مجوزہ مدت کے اندر مخصوص نشستوں کی فہرست جمع نہ کرانے والی جماعت مخصوص نشستوں کی اہل نہیں ہوگی۔
بل میں کہا گیا ہے کہ جس امیدوار نے ریٹرننگ افسر کے سامنے جماعت سے وابستگی کا بیان حلفی جمع نہ کرایا ہو اسے آزاد تصور کیاجائے گا۔ الیکشن کے بعد پارٹی وابستگی ظاہر کرنے والا امیدوار کسی سیاسی جماعت کا امیدوار نہیں سمجھا جائیگا اور الیکشن کا دوسرا ترمیمی بل 2017سے نافذ العمل ہوگا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں