آج کل ایئرپورٹ جائیں تو بکری چوری کے الزام میں گرفتار ہو جاتے ہیں فواد چوہدری

حکومت نے معاشی، سیاسی بحران کے ساتھ عدالتی بحران بھی شروع کردیا، فواد چوہدری

تحریک انصاف کو ختم کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی، فواد چوہدری:فوٹو:فائل

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آج کل ائیرپورٹ جائیں تو بکری چوری کے الزام میں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔

فواد چوہدری نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے معاشی اور سیاسی بحران کے ساتھ عدالتی بحران بھی شروع کردیا ہے۔ فوری طور پر جسٹس منصور علی شاہ کا بطور چیف جسٹس نوٹیفیکیشن ہونا چاہئے۔


فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے اداروں سے بات چیت کا کہا ہے اس کا مثبت جواب دیا جانا چاہیئے۔ پاکستان کے مسائل کے حل کےلئے افہام وتفہیم سے چلنا ہو گا۔ ہمیں اب تجربات کو چھوڑ کر عوام سے رجوع کر کے آگے بڑھنا ہوگا۔ تحریک انصاف کو ختم کرنے کی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 18 سیٹوں کے ساتھ وزیراعظم بنے ہوئے ہیں۔ پورا پاکستان پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ میں فواد چوہدری کے پاسپورٹ کی تجدید اور نام ای سی ایل سے نکالنے کے عدالتی حکم پرعملدرآمد کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے فواد چوہدری کو بیرونِ ملک جانے کی اجازت کا آرڈر اٹارنی جنرل کو بھیجنے اور اٹارنی جنرل کو فواد چوہدری کو بیرون ملک دورے کی اجازت کے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کروانے کا حکم دیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے فواد چوہدری سے استفسار کیا کہ کام ہوگیا جس پر فواد چوہدری نے جواب دیا کہ عدالت کی مہربانی سے کام ہوگیا ہے لیکن ایک گزارش ہے کہ عدالتی آرڈر کی کاپی عملدرآمد کے لیے اٹارنی جنرل کو بھجوائی جائے۔ آج کل ائیرپورٹ جائیں تو بکری چوری کے الزام میں گرفتار کرلیا جاتا ہے جس پر چیف جسٹس نے نے کہا کہ بالکل آج کل تو کچھ بھی ممکن ہے۔
Load Next Story