اسٹاک مارکیٹ میں تیزی انڈیکس کی77100پوائنٹس کی سطح بحال

تیزی کے سبب 47 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں، مالیت میں 15ارب 94 کروڑ 79 لاکھ روپے کا اضافہ

فوٹو: فائل

پاکستان کی رواں سال کریڈٹ ریٹنگ بڑھ کر بی کی سطح پر آنے کی توقعات، لسٹڈ کمپنیوں کے اطمینان بخش مالیاتی نتائج اور ایشیائی مارکیٹوں میں ریکوری جیسے عوامل کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو اتارچڑھاؤ کے بعد تیزی رہی جس سے انڈیکس کی 77ہزار 100پوائنٹس کی سطح بحال ہوگئی۔

اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے سبب 47 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 15ارب 94 کروڑ 79 لاکھ 36 ہزار 836روپے کا اضافہ ہوگیا۔


کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر 49پوائنٹس کی مندی اور بعدازاں 662 پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی لیکن اختتامی لمحات میں فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی، نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 106.85 پوائنٹس کے اضافے سے 77191.34 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 50.61 پوائنٹس کے اضافے سے 24902.54 پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 76.42پوائنٹس کے اضافے سے 49281.13 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 178.82 پوائنٹس کے اضافے سے 122125.21 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری حجم پیر کی نسبت 20فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 60 کروڑ 08لاکھ 96 ہزار 301 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 443 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 206 کے بھاؤ میں اضافہ، 176 کے داموں میں کمی اور 61 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story