انٹرنیشنل کیمسٹری اولمپیاڈ میں پاکستانی طالب علموں نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا

طالبِ علموں کو ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری جامعہ کراچی میں کیمسٹری کی تربیت دی گئی تھی


Staff Reporter August 06, 2024
فوٹو-فائل

سعودی عرب کے شہر ریاض میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل کیمسٹری اولمپیاڈ میں پاکستانی طالب علموں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ حاصل کر لیا۔ 56 واں انٹرنیشنل کیمسٹری اولمپیاڈ21 تا30 جولائی(2024) کو منعقد ہوا جس میں کراچی گرامر اسکول کے عبدالرافع نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

شرکت کرنے والے ٹیم کے دیگر اراکین میں لاہور گرامر اسکول واہ کینٹ کی ماہ نور راشد،پنجاب کالج برائے خواتین، جرانوالیہ روڈ فیصل آباد کی مروا اور دبئی انٹرنیشنل پبلک اسکول اینڈ کالج مانسہرہ کے سید مہر علی شاہ شامل تھے۔

طالبِ علموں کو ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری جامعہ کراچی میں کیمسٹری کی تربیت دی گئی تھی۔

یہ بات نیشنل کیمسٹری ٹیلنٹ کانٹیسٹ کے کوارڈینیٹرز پروفیسر ڈاکٹر ایم رضا شاہ اورپروفیسر ڈاکٹر خالد ایم خان نے منگل کو بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین کے زیرِ صدارت ایک اجلاس کے دوران کہی تھی ۔

واضح رہے کہ این سی ٹی سی کے کوآرڈینیٹر اور ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری جامعہ کراچی کے سینئر پروفیسر ڈاکٹر ایم رضا شاہ اورپروفیسر ڈاکٹر خالد ایم خان کی زیر قیادت پاکستانی طالب علموں نے ان مقابلوں میں شرکت کی تھی۔

انھوں نے کہا کہ علم کیمیاء کے مقابلوں میں پاکستانی نوجوان اسکالرز کی شرکت اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان کے تعاون سے ممکن ہوتی ہے ۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے کامیاب طالبِ علموں کو اور اُن کے رہنماوں کو اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں