چوہدری نثار علی کے تحفظات دور کرنے میں لیگی اراکین کے بعد شہباز شریف بھی ناکام

چوہدری نثار مسلم لیگ (ن) کا اثاثہ ہیں اور پارٹی کو اس وقت ان کی اشد ضرورت ہے، شہباز شریف


/Online July 03, 2014
چوہدری نثار کو منانے کی کوشش میں ناکامی کے بعد شہباز شریف وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد لاہور روانہ ہوگئے، ذرائع فوٹو: فائل

وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی كو منانے اور ان کے تحفظات دور کرنے میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ناكامی کے بعد لاہور روانہ ہوگئے۔

ذرائع كے مطابق شہباز شریف نے وزیر داخلہ سے اسلام آباد میں ملاقات كی اور ان کے تحفظات دور كرنے كی كوشش كی تاہم وہ اس میں ناکام رہے، ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے چوہدری نثار سے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کا اثاثہ ہیں اور پارٹی کو اس وقت ان کی اشد ضرورت ہے، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں آپریشن ضرب عضب، امن وامان کی صورتحال اور دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ شہباز شریف چوہدری نثارعلی كو منانے كے بعد وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات كے لئے لے جانا چاہتے تھے تاہم وہ چوہدری نثار كی ناراضگی ختم نہ كراسكے اور اكیلے ہی وزیر اعظم سے ملاقات كے بعد لاہور روانہ ہوگئے۔

واضح رہے کہ چوہدری نثار كئی امور پر مشاورت نہ كرنے پر (ن) لیگ كی اعلیٰ قیادت سے ناراض ہیں، اس كے علاوہ طالبان سے مذاكرات كے لئے قائم کی گئی كمیٹی میں بعض لوگوں كو شامل كرنے پر بھی چوہدری نثار كو تحفظات تھے، گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے اراكین اسمبلی نے بھی وزیر داخلہ سے ملاقات كی جس کے بعد انہوں نے دعویٰ كیا تھا كہ پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں اور چوہدری نثار سے معاملات طے پاگئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں