مون سون کے دوران ملک بھر میں 10کروڑ پودے لگائے جائیں گے وزیراعظم
وزیراعظم نے وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مون سون سیزن کے دوران ملک بھر میں دس کروڑ سے زیادہ پودے لگائے جائیں گے، درختوں سے آب و ہوا صاف، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں کمی اور قدرتی حسن میں اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم نے آج وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو شجرکاری مہم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جون 2024 میں دو ارب 20 کروڑ پودے لگائے جا چکے ہیں۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کر رہے ہیں، اس شجر کاری کے دوران ملک بھر میں دس کروڑ پودے لگائے جائیں گے، اس سے نہ صرف پاکستان خوبصورت ہوگا بلکہ موسمیاتی تبدیلی جس نے پاکستان کو 2022 میں بری طرح نشانہ بنایا تھا اس کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی، فضائی آلودگی میں کمی واقع ہوگی اور قدرتی حسن میں اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مون سون کا یہ موسم دلوں کو خوش کرنے والا موسم ہے جس میں ہر طرف مسکراہٹیں بکھرتی ہیں، برسات سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے، یہ ہمارے اوپر ہے کہ ہم شبانہ روز محنت کر کے ان نعمتوں سے فائدہ اٹھائیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کریں، ہم اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہوگا۔
اس حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مون سون کے موسم میں شجرکاری مہم کے آغاز کے موقع پر میں متعلقہ حکام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پورے پاکستان میں وفاقی حکومت اور ذمہ داران مل کر اس عظیم کام میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور پاکستان کو آلودگی سے بچانے کے لیے اور اس ملک کو خوبصورت بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہاں ہمارے بچے بھی موجود ہیں جو پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہیں، یہ بڑے ہو کر تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو کر پاکستان کے عظیم معمار بنیں گے، بچوں کو تعلیم کے ساتھ ہنرمند بنائیں گے تاکہ وہ ملک کی بہتر انداز میں خدمت کر سکیں۔