پی آئی اے نے کوئٹہ سے جدہ پروازوں کا آغازکردیا

پہلی پرواز پی کے 767 سے 141 عازمین عمرہ جدہ کے لئے روانہ ہوئے، ترجمان پی آئی اے

فوٹو- فائل

کوئٹہ ائیرپورٹ پرمنعقدہ تقریب میں پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ سے جدہ کے درمیان پروازوں کا آغاز ہوگیا ہے، پہلی پرواز کے ذریعے 141عازمین عمرہ روانہ ہوئے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ہفتہ وار دو پروازیں سعودی عرب کے لیے روانہ ہوں گی، ان پروازوں کی شروعات سےخاص طور پرعمرہ زائرین کو خصوصی سہولیات دستیاب ہوں گی۔

پی آئی اے ترجمان نے مزید کہا کہ پہلی پرواز پی کے 767 سے 141 عازمین عمرہ جدہ کے لئے روانہ ہوئے، پہلی پرواز کےعازمین عمرہ کومہمان خصوصی گورنر بلوچستان شیخ جعفرمندوخیل، جنرل مینجرسیلزپی ائی اے محمد شفیق اورممبران صوبائی اسمبلی بلوچستان نے رخصت کیا۔


جدہ کی پروازیں سعودی عرب میں روزگار کے سلسلے میں مقیم افراد کو بھی وطن واپسی کے لئے براہ راست سفر کی سہولت فراہم کرے گی۔

اس موقع پرگورنر بلوچستان کا کہناتھا کہ براہ راست پروازوں کی اس سہولت کی فراہمی کے لئے پی آئی اے انتظامیہ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، جس سے عوام پہلے کے مقابلے میں زیادہ بہتر سفری سہولیات سےمستفید ہوگی۔

کوئٹہ ائیرپورٹ پرمنعقدہ تقریب میں پی ائی اے کی کامیابی کے لیےخصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
Load Next Story