ملازم پر تشدد کرنے کے تنازعے میں راحت فتح کا دفاع کیوں کیا ریشم نے وجہ بتا دی
راحت فتح اس قدر اچھے انسان ہیں کہ میں لفظوں بیان ہی نہیں کرسکتی، اداکارہ
ماضی میں پاکستانی فلم انڈسٹری کو مقبول فلمیں دینے والی فلم اسٹار ریشم نے ملازم پر تشدد کرنے کے تنازع میں گلوکار راحت فتح علی خان کا دفاع کرنے کی وجہ بتا دی ہے۔
رواں سال 27 جنوری کو سوشل میڈیا پر راحت فتح علی خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنے گھریلو ملازم پر تشدد کررہے تھے، مذکورہ ویڈیو میں گلوکار اپنے ملازم سے کسی بوتل کا پوچھ رہے تھے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد راحت فتح علی خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سب سے پہلے میں اپنے رب سے معافی کا طلبگار ہوں، اُس کے بعد اپنے ملازم، خاندان، دوستوں، عزیز و اقارب اور مداحوں سے بھی معافی مانگتا ہوں کیونکہ انہیں میرے اس رویے کی وجہ سے تکلیف پہنچی ہے۔
راحت فتح علی خان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کوئی دوسری بوتل (شراب) نہیں تھی بلکہ اُس بوتل میں اُن کے پیر کا دم کیا ہوا پانی تھا اور وہ بوتل اُس شاگرد سے کھو گئی تھی۔
مزید پڑھیں: "ملازم پر تشدد کے واقعے کے بعد میری نظر میں راحت فتح علی کیلئے عزت بڑھ گئی"
گلوکار کا معافی نامہ سُننے کے بعد اداکارہ ریشم نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اس واقعے کے بعد اُن کے دل میں راحت فتح علی خان کے لیے عزت مزید بڑھ گئی ہے۔
ریشم کے بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اُن پر کڑی تنقید کی تھی کہ وہ ملازم پر تشدد کرنے والے راحت فتح علی خان کا دفاع کررہی ہیں، تاہم اب اداکارہ نے اس دفاع کی وجہ بتا دی ہے۔
اداکارہ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میں راحت فتح علی خان کو ذاتی طور پر جانتی ہوں، وہ اس قدر اچھے انسان ہیں کہ میں لفظوں بیان ہی نہیں کرسکتی، گلوکار اور اُن کی فیملی بہت زیادہ خیرات دیتے ہیں، غریبوں کی مدد کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ملازم پر تشدد، مجھ سے غلطی ہوئی ہے معافی مانگنا چاہتا ہوں، راحت فتح علی
اُنہوں نے کہا کہ ایک بار میں ایک ضرورت مند لڑکی کی شادی کا جہیز تیار کررہی تھی تو میرے پاس رقم کم پڑ گئی تھی، پھر میں نے راحت صاحب کو فون کرکے اُن سے مدد مانگی تو اُنہوں نے فوراََ بچی کے جہیز کے لیے لاکھوں روپے کی رقم بھیج دی۔
ریشم نے کہا کہ راحت فتح علی خان صرف پاکستان میں نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر ایک بڑا نام ہیں، اگر اُن سے کوئی غلطی ہوئی تو اُنہوں نے اس کے لیے اللہ تعالیٰ سے، اپنے ملزم سے اور تمام مداحوں سے معافی مانگی تھی، وہ اس سے زیادہ اور کیا کریں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ تو ایک معافی پر اپنے بندوں کو معاف کردیتا ہے لیکن لوگ معاف نہیں کرتے۔