پاکستان رمضان میں’’دارالسکون‘‘ کے اسپیشل چلڈرن کی شرکت عامر لیاقت کیساتھ کرکٹ کھیلی

ادارے کی سرپرست سسٹر روتھ کو میزبان کا خراج تحسین، 50ہزار کا عطیہ ،بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے


Staff Reporter July 04, 2014
راہ نیکی میں عامر لیاقت کی اپیل پر ایک شخص نے 10لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان فوٹو : فائل

ایکسپریس میڈیا گروپ کے صدر ڈاکٹر عامرلیاقت حسین کی کوشش ہوتی ہے کہ رمضان المبارک میں اداس چہروں پر مسکراہٹیں بکھیری جائیں اور رمضان کی برکتوں میں اُن لو گوں کو بھی شامل کیا جائے جنھیں معاشرے نے نظراندازکیا ہوا ہے۔

اس سلسلے میں نشریات کے چوتھے روز ایکسپریس کی براہ راست خصوصی نشریات ''پاکستان رمضان'' میں ''دارالسکون''کے اُن اسپیشل چلڈرن کو مدعوکیا گیا جنھیں ان کے والدین ذہنی توازن صحیح نہ ہونے کی وجہ سے دارالسکون میں چھوڑ گئے تھے اور یہاں ان کی بہترین دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اس موقع پر ان بچوں میں گھل مل گئے اور اپنی ہلکی پھلکی گفتگو سے ان کے معصوم چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں۔ ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کے ان خصوصی مہمانوں میں عمیر،بختاور،علی ،روبینہ، پولی کے علاوہ مانی بھی شامل تھے جنھوں نے کھیلوں کے مقابلوںمیں حصہ لے کر چین میں گولڈ میڈل بھی جیت رکھا ہے۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے ملاقات کے دوران بچوں نے اپنے پسندیدہ میزبان کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی اور نظمیں بھی سنائیں۔ اس موقع پر ادارے کی بانی اور سرپرست سسٹرروتھ بھی موجود تھیں جنھوںنے1969ء میں اس فلا حی ادارے کی بنیاد رکھی۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے بچوں میں پیشگی عیدی اور تحائف تقسیم کیے اور محمودہ سلطانہ فاؤنڈیشن کی جانب سے سسٹرروتھ کوپچاس ہزارروپے کا عطیہ بھی دیا اور بچوںکی خصوصی دیکھ بھال پرانھیںخراج تحسین بھی پیش کیا۔ ہرایک کے پسندیدہ ''پاکستان گھر'' میں نشریات کے چوتھے روزبھی حاضرین وناظرین کی ایک بڑی تعداد نے لاکھوں روپے کے قیمتی انعامات جیتے جس میں موٹرسائیکلزاورعمرے کے ٹکٹس سمیت بہت سے بیش قیمت انعامات شامل تھے۔

پاکستان رمضان'' میں گرافک ڈیزائننگ کے منفرد مقابلے ''دل پسند پاکستان'' میں پاکستان کی خوبصورت منظر کشی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور روزانہ بہترین منظرکشی پر موٹر سائیکل بطور انعام دی جارہی ہے۔ پروگرام ''راہ نیکی'' میں مختلف مسائل سے دوچارخاندانوں کی امدادکاسلسلہ چوتھے روز بھی جاری رہا جس کے دوران معذور ی کے باعث کئی ماہ سے صاحب فراش نوجوان شاہد ندیم اور گزشتہ برس سیلاب کے باعث گھربار سے محروم ہوجانے والے دادوکے محمد ایوب نے شرکت کی ۔ نشریات کے دورا ن ہی متاثرین کے مسائل سن کر ناظرین نے ڈاکٹر عامرلیاقت حسین سے رابطہ کیا اور عطیات دینے کا اعلان کیا۔عطیات دینے والوں میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اویس مظفرکے قریبی عزیزنے ایم ایس ایف کیلیے10لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا جس پر ڈاکٹر عامرلیاقت حسین نے ان کا شکریہ اداکیا۔

اس موقع پرمیزبان نے محمد ایوب کے گھرکی بحالی کیلیے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا اور چارماہ کے راشن کے علاوہ اس کے لیے باوقارروزگار کاانتظام کرتے ہوئے سامان سے لدا ہوا ٹھیلا اُس کے حوالے کیا۔ ایکسپریس کے مقبول دینی پروگرام ''عالم آن ایئر'' میں سحرکے دوران تنظیم المساجد پاکستان کے سربراہ مفتی عابد مبارک اور خطیب اہل بیت مولانا سید محمد علی زیدی الحسینی نے جبکہ افطار میں جامعہ امجدیہ کے رئیس دارالافتا مفتی ندیم اقبال، جامعہ بنوریہ العالمیہ سے منسلک مفتی فضل سبحان،شیعہ علما کونسل کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری علامہ فیاض حسین مطہری اور تحریک اہل حدیث پاکستان کے سرپرست پروفیسر محمد یونس صدیقی نے شرکت کی اور شرکا کے سوالات کے جوابات دیے۔

پاکستان رمضان میں خدمت خلق پر مبنی پروگرام ''راہ نیکی'' میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے معذور نوجوان شاہد ندیم کے غمزدہ والدکے چہرے پراُس وقت خوشی کے رنگ بکھیر دیے جب انھوں نے ان کے معذور بیٹے کے علاج معالجے کے ساتھ ساتھ ان کی بیٹی کی شادی کے بھی تمام ترانتظامات ذاتی طور پر ادا کرنے کا اعلان کیا۔اس موقع پر ان کا ہونے والا داماد بھی سیٹ پر موجود تھا۔بیٹے کے علاج پر جمع پونجی سے محروم ہونے والے بزرگ نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے گفتگو کے دوران بتایا کہ وہ 16ماہ سے بیٹے کا علاج کرارہے ہیں ۔

جس کی وجہ سے انھیں بیٹی کے جہیز کے لیے جمع کیا گیا سامان بھی فروخت کرنا پڑا جس پر میزبان نے اعلان کیا کہ وہ ان کے معذور بیٹے کے علاج معالجے اوران کے گزر بسر کے علاوہ بیٹی کی شادی کے لیے تمام انتظامات کا خرچ ذاتی طور پر ادا کریں گے،اس موقع پر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ان سے یہ عہد بھی لیا کہ وہ بیٹی کو گھر بٹھا کر نہیں رکھیں گے ۔اس موقع پر ڈاکٹر عامرلیاقت حسین نے یہ اعلان بھی کیا کہ دونوں گھرانوں کی باہمی مشاورت کے بعد شادی کا انعقاد اسی سیٹ پر ہوگا،وہ خود نکاح پڑھائیں گے اور شادی کاتمام خرچہ بھی اٹھائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔