صدر مملکت سے امام مسجد نبوی کی ملاقات مسلم ممالک کے درمیان اتحاد و تعاون پر زور

مسجد نبوی ﷺ کے امام نے پاکستان کی سلامتی اور خوش حالی کے لیے دعا کی


ویب ڈیسک August 08, 2024
صدر مملکت آصف زرداری سے امام مسجد نبوی نے ایوان صدر میں ملاقات کی—فوٹو: فائل

صدر مملکت آصف علی زرداری اور مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد نے مسلم ممالک درمیان اتحاد اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کو عالم اسلام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر آصف علی زرداری سے مسجد ِنبوی ﷺ کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد نے ملاقات کی، اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے مسلم ممالک کے درمیان مزید اتحاد اور تعاون کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ عقیدے، تاریخ اور بھائی چارے پر مبنی بہترین تعلقات ہیں، دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

آصف علی زرداری نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور بتایا کہ دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لانے کے لیے ثقافتی اور عوام کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب قریبی دوست ہے، پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت اور عوام پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، اکستان اور سعودی عرب کی مضبوط شراکت داری ہے۔

ڈاکٹر صلاح بن محمد نے کہا کہ دونوں ممالک کو عالم اسلام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے اور اس موقع پر امام مسجد نبوی نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔

امام مسجد نبوی نے کہا کہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کی شروع کردہ اصلاحات سے سعودی عرب میں مزید ترقی اور خوش حالی آئے گی۔

صدر مملکت آصف علی زردری نے محمد بن سلمان کی قیادت اور اقدامات کو سراہا اور کہا کہ امید ہے کہ مسجد نبوی ﷺکے امام کے دورے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

ملاقات کے موقع پر مسجد نبوی ﷺ کے امام نے پاکستان کی سلامتی اور خوش حالی کے لیے دعا کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں