پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے محمد ہریرہ

مجھے کرکٹ نہ کھیلنے پر والد کی ڈانٹ پڑتی تھی، نوجوان بیٹر


ویب ڈیسک August 08, 2024
فوٹو: ویڈیو گریب

نوجوان بیٹر محمد ہریرہ نے دوسری بار پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیے جانے کو اپنے لیے اعزاز قرار دے دیا۔

انہیں پہلی بار گزشتہ سال سری لنکا کے دورے کے لیے پاکستان ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا تاہم وہ دورے کے کسی ٹیسٹ میچ میں نہیں کھیل پائے تھے۔ اب انہیں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

محمد ہریرہ نے پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑی عجیب بات ہے کہ بہت سے کرکٹرز یہ کہتے ہیں کہ انہیں کرکٹ کھیلنے پر والدین سے مار پڑتی تھی جبکہ میرے کے ساتھ بالکل برعکس معاملہ رہا ہے مجھے کرکٹ نہ کھیلنے پر والد سے مار پڑتی تھی۔

ہریرہ کا کہنا ہے کہ ابتدا میں انہیں کرکٹ کا شوق نہیں تھا لیکن ان کے والدین چاہتے تھے کہ وہ کرکٹ کھیلیں۔ میرے والد ہی دراصل میرے پہلے کوچ تھے جنہوں نے مجھے صبح شام کرکٹ کھلائی۔ میری والدہ نے میری تعلیم کا بہت خیال رکھا۔

ہریرہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا کسی بھی کرکٹر کے لیے اعزاز کی بات ہے اور جب آپ اپنے علاقے میں جاتے ہیں تو وہاں کے لوگوں کو بھی اس بات کی خوشی اور فخر محسوس ہوتا ہے کہ ان کا نوجوان ملک کی نمائندگی کررہا ہے۔

محمد ہریرہ گزشتہ چند ڈومیسٹک سیزن سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور انہوں نے فرسٹ کلاس میچ میں ٹرپل سنچری بھی اسکور کی ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ ماہ ڈارون میں پاکستان شاہینز کی طرف سے بنگلہ دیش اے کے خلاف چار روزہ میچ میں انہوں نے ڈبل سنچری بھی اسکور کی۔

محمد ہریرہ کا کہنا ہے کہ جب وہ پہلی بار انڈر 19 ڈسٹرکٹ لیول پر سلیکٹ نہیں ہوئے تو انہیں سخت مایوسی ہوئی تھی لیکن اسوقت میرے دوستوں اور فیملی نے میری ہمت بندھائی ۔

ہریرہ کا کہنا ہے کہ وہ کھیل سے زیادہ اپنے لائف اسٹائل میں تبدیلی لائے اور بہت زیادہ پروفیشنل ہوگئے اور ان چیزوں پر زیادہ کام کیا جو ان کے کنٹرول میں تھے۔ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا صرف اعزاز نہیں بلکہ سیکھنے کا عمل بھی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈارون میں کنڈیشنز آسان نہیں تھیں تاہم جیسن گلیسپی کی موجودگی سے بہت مثبت فرق پڑا انہوں نے کافی باتیں بتائیں۔اچھے پریکٹس سیشنز ہوئے جن سے بڑی مدد ملی ۔

محمد ہریرہ کا کہنا ہے کہ وہ نتائج کے بارے میں نہیں سوچتے صرف اپنے پراسس کو مکمل کرنے کے بارے میں سوچتے ہیں اور جب آپ محنت کرکے تمام پراسس کو مکمل کرتے ہیں تو نتائج بھی آپ کے حق میں آتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں