بھارتی جیلوں میں قید 9 پاکستانی واہگہ بارڈر پر حکام کے حوالے

بھارتی جیل سے آزادی پانے والوں میں ایک بزرگ کو سزا مکمل ہونے کے باوجود 4 سال جیل میں رکھا گیا


ویب ڈیسک July 04, 2014
قیدیوں کے واہگہ بارڈر پہنچنے پر رینجرز اہلکاروں نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ فوٹوفائل

بھارتی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں میں سے 9 کو آج پاکستان کے حوالے کردیا گیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں میں سے 9 کو آج واہگہ بارڈر پر رینجرز حکام کے حوالے کیا گیا، بھارتی جیلوں سے سزا پوری کر کے آنے والوں میں 5 ماہی گیر اور 4 سویلین شامل ہیں، پاکستان پہنچنے والوں میں 2 قیدی ویزہ ایکسپائر ہونے کی وجہ سے گزشتہ 8 سال سے بھارتی جیل میں قید تھے جبکہ 2 قیدیوں کوغیر قانونی طور پر بھارت میں داخلے کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور 8 سال بعد انہیں آزادی دی گئی جن میں ایک بزرگ شخص کو سزا مکمل ہونے کے باوجود 4 سال تک جیل میں رکھا گیا۔


بھارتی جیلوں سے رہائی پانے والے 5 ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ وہ غلطی سے دوران شکار بھارتی حدود میں داخل ہوگئے تھے جس پر بھارتی سمندری فورسز نے انہیں حراست میں لیا اور غلطی سے حدود میں داخل ہونے کی 6 سال سزا دی۔ قیدیوں کے واہگہ بارڈر پہنچنے پر رینجرز اہلکاروں نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے جبکہ تفتیش مکمل ہونے پر انہیں اہلخانہ کے حوالے کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بھارتی جیلوں میں اب بھی 139 ماہی گیروں سمیت 396 پاکستانی قید ہیں جبکہ پاکستانی جیلوں میں بھارتی قیدیوں کی تعداد 296 ہے۔


واضح رہے کہ گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ بھارت کی جانب سے قیدیوں کے حوالے سے فراہم کردہ فہرست سے کئی گنا زیادہ پاکستانی بھارتی جیلوں میں قید ہیں جبکہ بعض سزائیں مکمل ہونے کے باوجود پابند سلاسل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں