علی ظفر کا ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے کی نقد رقم بطورِ انعام دینے کا اعلان

گلوکار کی حکومت سے ارشد ندیم کے نام پر اسپورٹس اکیڈمی قائم کرنے کی اپیل


ویب ڈیسک August 09, 2024
پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو ایونٹ میں پاکستانی اولمپئین ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا : فوٹو : ویب ڈیسک

عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر نے 40 سال بعد اولمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی اولمپئین ارشد ندیم کے لیے انعام کا اعلان کردیا۔

علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ارشد ندیم کے نام خصوصی پوسٹ جاری کی جس میں اُنہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے ناصرف پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا بلکہ اُنہوں نے 92.97 میٹر کی تھرو کرکے اولمپکس کی تاریخ میں ریکارڈ قائم کردیا، میں اس تاریخی کامیابی پر ارشد ندیم کو اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے 10 لاکھ روپے رقم بطورِ انعام دوں گا۔

گلوکار نے حکومت پاکستان سے ارشد ندیم کے نام پر اسپورٹس اکیڈمی قائم کرنے کی اپیل بھی کی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومتِ پاکستان اور پوری قوم ارشد ندیم کا شاندار استقبال کرے۔

علی ظفر نے مزید کہا کہ اگر ہمارے کھلاڑیوں کو وہ سپورٹ ملنا شروع ہو جائے جس کے وہ مستحق ہیں تو ہم ایک سال میں 10 گولڈ میڈل جیت سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ارشد ندیم کا اولمپکس میں ریکارڈ، پاکستان نے 40 سال بعد گولڈ میڈل جیت لیا

واضح رہے کہ پاکستان 32 سال بعد اولمپک میں کوئی بھی میڈل جیتنے میں کامیاب ہوا ہے، پاکستان نے آخری مرتبہ بار سلونا اولمپکس 1992 کی ہاکی میں برانز میڈل جیتا تھا۔

پاکستان نے آخری گولڈ میڈل 1984 میں 40 سال پہلے جیتا تھا جو ہاکی ٹیم نے دلوایا تھا۔

فائنل مقابلے کے دوران ارشد ندیم اپنی پہلی باری میں تھرو نہ کرسکے لیکن دوسری باری میں انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کی جو اولمپکس کی تاریخ کی اب تک سب سے بڑی تھرو ہے۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں