موٹر کمپنی مرسڈیز کا نام ’مرسڈیز‘ کیسے پڑا
کمپنی کا نام ابتدائی طور پر ڈیملر رکھا گیا تھا
برانڈ کا نام کسی بھی پروڈکٹ کا ایک اہم اور وسیع پیمانے پر تسلیم شدہ پہلو ہوتا ہے اور بہت سے مشہور برانڈز کے پیچھے دلچسپ کہانیاں ہوتی ہیں۔ حال ہی میں مرسڈیز کے سی ای او نے اپنے برانڈ کے نام کی تاریخ سے پردہ اٹھایا ہے۔
امریکی وکیل اور بزنس مین ڈیوڈ روبینسٹائن سے بات کرتے ہوئے مرسڈیز بینز کے سی ای او سٹین اولا کالینیئس نے بتایا مشہور کار کمپنی کا نام ابتدائی طور پر ڈیملر رکھا گیا تھا جب اس کی بنیاد 1886 میں گوٹلیب ڈیملر نے رکھی تھی۔ اس وقت ڈیملر کا چیف انجینئر ولہیم میباچ تھا۔
پندرہ سال بعد آسٹریا کے صنعت کار ایمل جیلینک نے ڈیملر اور میباچ کو ریسنگ کے مقاصد کے لیے انجن ڈیزائن کرنے کا حکم دیا کیونکہ ایمل جیلینک فرانس کے شہر نیس میں ہونے والی ریس میں حصہ لینا اور ریس کا فاتح بننا چاہتا تھا۔
ڈیملر اور میباچ نے دراصل جیلینک کی خواہش کو پورا کیا۔ انہوں نے اسے ایک طاقتور انجن والی گاڑی دی۔ جیلینک دوڑ میں فتح یاب ہوا اور اس نے ایک شرط رکھی: کار کا نام اس کی بیٹی 'مرسڈیز' کے نام پر رکھا جائے۔ اسی کے بعد اس گاڑی کا نام مرسڈٰیز رکھا اور کمپنی کا نام بھی مرسڈیز چن لیا گیا۔