بھارتی وزیراعظم کےدورہ مقبوضہ کشمیر پرمکمل شٹرڈاؤن حریت پسند رہنما نظر بند

نریندر مودی کے دورہ کے موقع پر پولیس نے شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی

حکومت کی جانب سے کشمیر چھوڑنے والے ہندوؤں کی واپسی کیلئے ایک مرتبہ پھر راہ ہموار کی جارہی ہے، سید علی گیلانی فوٹو؛ اے ایف پی

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ جموں کشمیر کے موقع پر حریت رہنماؤں کی اپیل پر سری نگر سمیت تمام شہروں میں ہڑتال کی گئی جب کہ بھارتی فوج نے کریک ڈاؤن کے دوران حریت رہنماؤں کو نظربند کردیا۔



غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی علی الصبح مقبوضہ کشمیر پہنچے جہاں انہوں نے کٹرہ میں نئی ریلوے لائن کا افتتاح کیا جو ہندوؤں کے مقدس مقام " ماتا ویشنو دیوی" کو براہِ راست نئی دہلی کے ساتھ ملائے گی، نریندر مودی کے دورہ کے موقع پرسری نگر سمیت مختلف شہروں میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہی جبکہ پولیس نے شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی اور کریک ڈاؤن کے دوران حریت رہنماؤں کوبھی گھروں میں ہی نذر بند کردیا گیا۔


دوسری جانب حریت رہنما سید علی گیلانی نے حکومت کے ریلوے لائن منصوبے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیر چھوڑنے والے مقامی ہندوؤں کی واپسی کیلئے ایک مرتبہ پھر راہ ہموار کی جارہی ہے جبکہ حریت رہنما میرواعظ عمرفاروق نے ہڑتال کو کشمیری عوام کے جذبات کا مظاہرہ قرار دیتے ہوئے نریندر مودی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سابق بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے نقش و قدم پر چلتے ہوئے مسئلہ کشمیرحل کرنے میں پہل کریں۔

Load Next Story