ہنی ٹریپ کے ذریعے بلیک میل کرکے رقم ہتھیانے والا 4 خواتین سمیت 8 رکنی گینگ گرفتار کرلیا گیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن مغیث احمد ہاشمی کی سربراہی میں انچارج SSOIU اقبال ٹاؤن ڈویژن محمد صفدر نے ایک بڑی کارروائی میں ہنی ٹریپ کے ذریعے لوگوں کو بلیک میل کر کے رقم ہتھیانے والے بین الاضلاعی گینگ کےمرد و خواتین8 ملزمان گرفتار کرلیے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں عقیل ، آصف، اشرف، اور عظیم شامل ہیں جب کہ خواتین ملزمان میں عروج، کومل ،عابدہ بی بی اور شمیم بی بی شامل ہیں۔ خواتین ملزمان موبائل فون کر کے امیر لوگوں کو اپنے جال میں پھنساتی تھیں اور ملنے کے لیے مخصوص مقام پر بلا کر ساتھی ملزمان گن پوائنٹ پر لوگوں کی نازیبا ویڈیو بنالیتے۔
ملزمان متاثرہ لوگوں کی ویڈیو بنانے کے بعد نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان بھی چھین لیتے۔ اس کے علاوہ ملزمان متاثرہ شخص سے فون کرواکر ان کے عزیز واقارب سے رقم منگواتے اور اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کر لیتے۔ ملزمان متاثرہ شخص سے مزید رقم ہتھیانے کے لیے متعلقہ تھانوں میں زناکاری کی ایف آئی آر بھی درج کروا دیتے۔
گینگ کے ارکان سے شہریوں سےچھینےگئے موبائل فونز،نقدی اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سابقہ ریکارڈیافتہ ہیں، جنہوں نے دوران تفتیش اس نوعیت کی متعدد وارداتوں کاانکشاف کیا ہے۔
ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا مضبوط چالان مرتب کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کےلیے انویسٹی گیشن پولیس ہمہ وقت کوشاں ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری کی طرف سے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا گیاہے۔