ارشد ندیم کی تاریخی فتح پر وزیراعظم شہباز شریف کی جشن مناتے ویڈیو وائرل

وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کی ریکارڈ ساز کامیابی پر جشن منایا


August 09, 2024
وزیراعظم کی ویڈیو وائرل ہوگئی—فوٹو: اسکرین گریب

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں اولمپکس مقابلوں میں ارشد ندیم نے ریکارڈ توڑتے ہوئے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا، ان کی اس تاریخی کامیابی کی منتظر نہ صرف پاکستانی قوم تھی بلکہ وزیراعظم شہباز شریف بھی ان کی کامیابی کو براہ راست دیکھ رہے تھے اور ریکارڈ بنتے ہی جشن منانا شروع کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ان کے مشیر امور نوجوانان رانا مشہود بھی موجود ہیں اور جیسے ہی ارشد ندیم ریکارڈ بناتے ہیں تو شہباز شریف اپنی نشست سے جشن مناتے ہوئے کھڑے ہوجاتے ہیں۔

وزیراعظم کے ساتھ موجود رانا مشہود بھی ان کے ساتھ جشن منا رہے ہیں اور اسکرین پر ارشد ندیم کو ریکارڈ تھرو کے بعد سجدہ شکر بجا لاتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

پیرس اولمپکس میں پاکستان کو میڈیل کے لیے طویل انتظار کرنا پڑا اور گزشتہ رات ارشد ندیم نے اس انتظار کا خاتمہ کیا اور 92.97 میٹر طویل تھرو کے ذریعے پاکستانی قوم کی امیدوں پر پورے اترے اور اولمپکس میں نیا ریکارڈ بنایا۔

اولمپکس میں اس سے قبل ناروے کے اینڈریاس تھورکلڈیسن نے 2008 میں 90.57 میٹر تھرو کرکے ریکارڈ بنایا تھا جو 16 سال بعد پاکستان کے نام جیولن تھروور نے اپنے نام کیا۔

ارشد ندیم نے بھارت کے سخت حریف نیرج چوپڑا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنی دوسری تھرو 92.97 میٹر دور پھینک کر اولمپکس مقابلوں میں نیا ریکارڈ بنایا اور گولڈ میڈل جیت لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کی کام یابی پر مبارک باد بھی دی تھی، اس کے علاوہ صدر آصف علی زرداری، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ، آرمی چیف اوردیگر شخصیات نے ارشد ندیم کی کامیابی پر مبارک باد دی تھی۔

ریکارڈ بنانے والے ارشد ندیم کے لیے حکومت سندھ نے 5 کروڑ اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 10 کروڑ انعام دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں