بھارتی سپریم کورٹ میں بالی وڈ فلم ’لاپتہ لیڈیز‘ کی خصوصی اسکریننگ

کرن راؤ کی فلم 'لاپتہ لیڈیز' کو رواں برس اپریل کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز کیا گیا تھا


ویب ڈیسک August 09, 2024
فوٹو : انسٹاگرام

بھارتی سپریم کورٹ میں عامر خان کی پروڈیوس کردہ فلم 'لاپتہ لیڈیز' دکھائی جائے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے دیگر جج اپنے اہلخانہ کے ساتھ فلم دیکھیں گے۔

فلم کی خصوصی اسکریننگ کے موقع پر معروف اداکار اور پروڈیوسر عامر خان اور فلم کی ڈائریکٹر کرن راؤ بھی موجود ہوں گی۔

بھارتی سپریم کورٹ کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر صنفی مساوات کے موضوع پر مبنی فلم 'لاپتہ لیڈیز' آڈیٹوریم سی بلاک ایڈمنسٹریٹو بلڈنگ کمپلیکس میں دکھائی جائے گی۔

فلم 'لاپتہ لیڈیز' بپلاب گوسوامی کی ایک ایوارڈ یافتہ کہانی پر بنائی گئی ہے جس میں پرتیبھا رانتا، سپارش شریواستو، اور نیتانشی گوئل نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔

'لاپتہ لیڈیز' میں ایک ایسے شخص کی کہانی بیان کی گئی ہے جس کی دلہن ٹرین سفر کے دوران گم ہوجاتی ہے جب وہ گھونگھٹ کی وجہ سے پہچان نہ پانے پر دوسری دلہن کو ساتھ گھر لے آتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : 'لاپتہ لیڈیز' میں عامر خان کو آڈیشن کے باجود نہیں لیا گیا؟ کرن راؤ کا انکشاف

بھارت کے دیہی علاقوں کی سادگی اور بھول پن کے پس منظر میں بنائی گئی اس فلم میں دل چسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوتی ہے جب ٹرین میں دو باراتیں اپنی اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہوتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں