شہباز شریف اور سید مراد علی شاہ کی ملاقات ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر تبادلہ خیال
ریڈ لائن پراجیکٹ پر کام تیزی سے جارہی ہے جبکہ یلو لائن پر کام جلد شروع کر دیا جائے گا، مراد علی شاہ
وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ون آن ون ملاقات میں وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے میں شروع کیے گئے مختلف منصوبوں کی بروقت تکمیل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وفاق کے تعاون سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت اور مسائل سے آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے ڈونر ایجنسیوں کے تعاون سے بی آر ٹی ریڈ لائن اور یلو لائن منصوبوں پر کام شروع کر دیا ہے، ریڈ لائن پراجیکٹ پر کام تیزی سے جارہی ہے جبکہ یلو لائن پر کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں ٹریفک کے مسائل کا حل کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ شروع ہونے پر حل ہو جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ انکی حکومت چینی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ کے سی آر کو سی پیک کے ترجیحی منصوبے میں شامل کیا جا سکے۔
شہباز شریف اور مراد علی شاہ نے بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمت کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا جس سے ملک کے عوام میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔ دونوں رہنمائوں نے تفصیلی بات چیت کے بعد کوئلے سے چلنے والے تمام پاور پراجیکٹس کو تھر کے کوئلے پر تبدیل کرنے پر اتفاق کیا تاکہ پیداواری لاگت کو کم کیا جا سکے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ توانائی کی پیداوار کے مقامی ذرائع جیسے کوئلہ اور قابل تجدید توانائی ملک کے لوگوں کو سستی و ریلیف فراہم کرنے کیلئے کارگر ثابت ہونگے ۔
سید مراد علی شاہ نے وزیر اعظم کو بتایا کہ انکی حکومت گرڈ سے باہر رہنے والے یا ماہانہ 100 یونٹ استعمال کرنے والے غریب لوگوں میں دو لاکھ سولر ہوم سسٹم تقسیم کرے گی تاکہ انہیں بجلی کے بلوں سے نجات مل سکے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کو بتایا کہ انکی حکومت نے حب کینال پراجیکٹ شروع کیا ہے جس کے تحت ایک نئی نہر کی تعمیر کے ساتھ موجودہ کینال کو اوور ہال کیا جا رہا ہے تاکہ غربی، کیماڑی اور وسطی اضلاع کے لوگوں کیلئے 200 ایم جی ڈی پانی کراچی شہر تک پہنچایا جا سکے۔
وزیر اعظم نے منصوبے کو سراہا اور وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلٰی مراد علی شاہ نے منصوبے کی کاغذی کارروائی کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔