معاہدے پر عمل نہیں ہوا تو 44 دن بعد اسلام آباد واپس آئیں گے حافظ نعیم الرحمان

جماعت اسلامی ملک کو بحرانوں سے نکال دے گی، 14 اگست کو بڑی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے، امیر جماعت اسلامی


ویب ڈیسک August 09, 2024
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 14 اگست کو نئی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے—فوٹو: فائل

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر دھرنے کے اختتام کے لیے ہونے والے معاہدے پر عمل کر پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر معاہدہ پر عمل نہیں ہوا تو 45 دن پورے ہوتے ہیں اسلام آباد واپس آئیں گے۔

راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں اس کی مدد سے ہم نے طویل جہدوجہد کی اور 14 دن تک دھرنا دیا، جلسہ کیا، یہ پرعزم لوگ 25کروڑ کے لیے ریلیف مانگ رہے تھے۔

حکمرانوں کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ تم لوگوں نے عوام پر ظلم کر رکھا ہے، بجلی ہے بم گراتے ہو، عوام بے بس تھے، اسی لیے دھرنے می عوام نے پرامن تحریک آگے بڑھائی، کامیاب دھرنا دیا اور اپنے مطالبات منوائے۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے نوٹیفکیشن کو معاہدے کا حصہ بنا دیا ہے، حکومت کو مجبور کردیا کہ عوام کو ریلیف دیں، دھرنے کے پہلے اور دوسرے دن بیان تبدیل ہوئے لیکن انہوں نے تسلیم کیا کہ آئی پی پیز کا حل نکالیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاہدے میں وزرا کے دستخط ہوئے ہیں، معاہدوں کا فرانزک آڈٹ ہوگا تمام پارٹیاں اس میں ملوث ہوتی ہیں کیونکہ ان کا حصہ ہوتا ہے، پاکستان میں اقتدار کی میوزیکل چیئر ہے، ہر حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ چلتی تھی اور جو لوگ آئی ایم ایف کو پیر بنا کر پیش کرتے ہیں، ان سے پوچھتا ہوں یہ پروگرام کیسے چلتے رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ دونوں ہماری معیشت کو تباہ کرتے ہیں، جب مراعات یافتہ طبقے کے خلاف بات کریں تو وہ کسان اور کاشت کار کو لاکر سامنے کھڑا کر دیتے تھے، ہم زراعت کی ترقی چاہتے ہیں تب ہی جاگیردار پر ٹیکس لگانے کی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ ملک عزیز ہے، ان وڈیروں اور جاگیر داروں کی بات کی ہے، اگلا ایجنڈا یہ ہے پاکستان کو آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات دلائیں گے کیونکہ آئی ایم ایف کے ساتھ ٹیبل کے اوپر معاہدہ اور اور نیچے کچھ اور ہوتا ہے اس کے باوجود حکمران طبقہ ان کی شرائط مان لیتا ہے جو تباہی کا موجب بنتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قرضوں کے نظام اور آئی ایم ایف کے نظام کو للکاریں گے، ان سے جان چھڑانی ہے بڑے انقلاب کا ایجنڈا ہے، حکومت کو معاہدے میں چاروں طرف سے گھیرا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری آپ نے بھی زمینوں کے معاملے پر بہت کچھ کیا، ہم نے اس کے خلاف بھی تحریک چلا کر اہل کراچی کو حق دلایا، تین دفعہ بات کرکے حق حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ معاہدوں کی حیثیت ہوتی ہے جن کو عوام کے ساتھ رہنا ہو وہ معاہدے کی ایک ایک شق پر عمل کروائیں گے، 45 دن کا وقت مانگا گیا لوگ سمجھتے ہیں بات آگے بڑھ جائے گی لیکن ہم نہیں بڑھنے دیں گے، شہباز شریف صاحب آج 44 دن رہ گئے ہیں اور اگر خلاف ورزی ہوئی تو 45 دن پورے ہوتے ہی اسی دن واپس اسلام آباد آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے بل کم ہوں گے ان کو بھاگنے نہیں دیں گے، کل کیا مبارک ہو 77 پیسے بجلی یونٹ کم کردیے ہیں، میں نے کہا یہ مونگ پھلی کا دانہ لینے نہیں آئے ، پہلے کیسپٹی چارجز نکالیں گے، تمام ہوم ورک مکمل ہے، ہر دن کےبعد ہر شہر میں جلسے کریں گے، دھرنے دیں گے اور ہڑتال بلکہ ملک گیر پہہ جام کی کال دوں گا لیکن یہ 14 اگست کے بعد ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا آزاد خارجہ پالیسی اور پاکستان کو ہر بحران سے آزاد کرنے کا ایجنڈا ہے، پاکستان جنرل عاصم منیر، نواز شریف یا عمران خان کا نہیں بلکہ عوام کا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ کے زمانے میں عمران خان کے دور میں انڈیا سے بات ہوئی، آرمی چیف اس کی تحقیقات کرائیں اور ڈی جی آئی ایس پی آر اس حوالے سے ہمیں بتادیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کمشیر پالیسی آزاد ہونی چاہیے، جماعت اسلامی کشمیر کے لیے آواز بلند کرے گی، فلسطین مقدس سرزمین اور قبلہ اول ہے جو صہیونیوں کے قبضے میں ہے، آزادی کی تحریکیں چلتی رہیں، حماس وجود میں آئی اور حماس نے اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس نے رازداری سے آپریشن کیے اور اسرائیل کو شکست دی، درحقیقت یہ امریکا کو شکست ہوئی ہے، وہ حماس سے نہیں جیت سکتا آج بھی القصام بریگیڈ کی مزاحمت سے خوف زدہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف ہوا کرتے تھے 40 ممالک کی افواج کے سربراہ ہیں، آج ہم ان کے لیے تلاش گمشدہ کا اشتہار دے رہے ہیں وہ بتائیں ہمارے بچے اور اسماعیل ہنیہ شہید کردیے گئے۔

جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حماس نے نیا سربراہ بنایا تو اس نے اسرائیل کی نیندیں اڑا دی ہیں، اسرائیل اور مصنوعات کا بائیکاٹ جاری رکھیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام انتخابات میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوں تو اقتدار میں آکر عوام کو ان کی طاقت سے جماعت اسلامی ملک کو بحرانوں سے نکال دے گی، 14 اگست کو بڑی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں