خلیل الرحمان کیس ملزمہ آمنہ عروج کی درخواست ضمانت پر سماعت دوبارہ ملتوی
ملزمہ آمنہ عروج نے مقدمے میں ضمانت پر رہائی کی درخواست دائر کر رکھی ہے
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے والی ملزمہ آمنہ عروج کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق آج لاہور کی انسداد دہشتگری عدالت میں ملزمہ آمنہ عروج کی درخواست ضمانت پر سماعت ہونی تھی۔
خلیل الرحمان قمر کی جانب سے وکیل مدثر چوہدری عدالت میں پیش ہوئے، تاہم انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت کے جج سماعت کے لیے نہیں آسکے۔
انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت میں جج کی غیرحاضری کے باعث درخواست ضمانت پر کوئی کارروائی نہ ہوسکی۔
عدالت نے ضمانتوں پر کارروائی 4 ستمبر تک ملتوی کردی، ملزمہ آمنہ عروج نے مقدمے میں ضمانت پر رہائی کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
مزید پڑھیں: مجھے کل ہی پتا چلا کہ ملزمہ آمنہ عروج نے ضمانت دائر کی ہے، خلیل الرحمان
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں خلیل الرحمان قمر ایک جرائم پیشہ گروہ کی جانب سے ہنی ٹریپنگ اسکیم کا نشانہ بنے تھے جس پر انہیں تاوان دیکر چھوڑا گیا تھا۔
اغواء کیس کے مرکزی ملزم نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کے پاس خلیل الرحمان قمر کی دو ویڈیوز ہیں اور دونوں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے طویل ہیں۔
بعدازاں، ملزم نے خلیل الرحمان قمر کی نجی ویڈیوز لیک کردی تھیں، ایک ویڈیو میں خلیل الرحمان قمر پرائیویٹ کمرے میں ایک لڑکی کو بالکل پاس بٹھا کر سگریٹ پی رہے تھے جبکہ دوسری ویڈیو میں وہ لڑکی کے ساتھ نازیبا حالت میں موجود تھے۔