شاہ رخ خان کو بھری محفل میں انٹرنیشل ایوارڈ کے نام کا تلفظ کرنے میں مشکل

میگا اسٹار کو سوئٹزرلینڈ میں ’پاردو ایلا کوریرا‘ ایوارڈ سے نوازا گیا


ویب ڈیسک August 11, 2024
شاہ رخ خان نے 'انٹرنیشنل لوکارنو فلم فیسٹیول' میں شرکت کی : فوٹو : بھارتی میڈیا

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے 'انٹرنیشنل لوکارنو فلم فیسٹیول' میں اپنا پہلا 'پاردو ایلا کوریرا' ایوارڈ وصول کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان ان دنوں سوئٹزرلینڈ میں موجود ہیں جہاں اُنہوں نے 10 اگست کی شب 'انٹرنیشنل لوکارنو فلم فیسٹیول' میں شرکت کی، سُپر اسٹار کو سینما میں ان کی خدمات کے لیے 'پاردو ایلا کوریرا' ایوارڈ سے نوازا گیا، اس ایوارڈ کو وصول کرتے ہوئے شاہ رخ نے اعتراف کیا کہ ان کے لیے ایوارڈ کے نام کا تلفظ کرنا مشکل تھا۔

شاہ رخ خان نے تقریب میں موجود شرکاء سے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ اس قدر وسیع پیمانے پر میرا استقبال کرنے کے لیے آپ سب کا شکریہ، میں آپ سب کی محبت اور پیار کا بےحد مشکور ہوں۔

کنگ خان نے کہا کہ سینما ہمارے دور کا سب سے گہرا اور بااثر فنکارانہ ذریعہ رہا ہے، مجھے کئی سالوں سے اس کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل ہے اور میں نے اپنے اس سفر کے دوران بہت سے سبق سیکھے ہیں۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ خان خصوصی ایوارڈ وصول کرنے کیلئے سوئٹزرلینڈ روانہ

اُنہوں نے کہا کہ سینما اور آرٹ ایک ایسی دُنیا ہے جہاں سیاست نہیں، نفرت نہیں، یہاں ہر فنکار آزاد ہے، فن کی کوئی سرحد نہیں، ہمارا تعلق چاہے کسی بھی ملک سے کیوں نہ ہوں، لوگ اپنے پسندیدہ فنکار کو پسند کرتے ہیں اور ایک قابل فنکار کو دُنیا کے ہر ملک میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ میں نے اپنے فلمی کیریئر میں ہر کردار نبھایا ہے، میں ایک ولن رہا ہوں، میں ایک چیمپئن رہا ہوں، میں ایک سُپر ہیرو رہا ہوں، میں ناکام کردار بھی رہا ہوں اور میں ایک عاشق بھی رہا ہوں، مجھے میرے ہر کردار کی وجہ سے دُنیا بھر میں شہرت ملی ہے۔

میگا اسٹار نے اپنی تقریر کا اختتام کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں اپنے تمام مداحوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ ہمیشہ آپ کو اسی طرح اپنے کام سے خوش کرتا رہوں گا۔

یاد رہے کہ 77 واں لوکارنو فلم فیسٹیول 17 اگست تک جاری رہے گا جس میں 225 فلمیں دکھائی جائیں گے، 104 فلموں کے پریمیئر ہوں گے جبکہ 15 فلموں کا وہاں ڈیبیو ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔