کے پی میں لوگوں کو تعلیم و صحت کی بجائے ریاست مخالف بیانیے دیے جا رہے ہیںعظمیٰ بخاری
میواسپتال پر پروپیگنڈہ کرنے والے لیڈی ریڈنگ، خیبر ٹیچنگ اسپتال کی حالت زار پر فوکس کریں، بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ لاہور کے میواسپتال سے متعلق پروپیگنڈہ کرنے والے اپنے صوبے کے لیڈی ریڈنگ، خیبر ٹیچنگ اسپتال کی حالت زار پر فوکس کریں۔
ترجمان حکومت خیبرپختونخوا بیرسٹرسیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں آپ کی حکومت نے تو مفت ادویات تک بند کردی تھیں، مریم نواز نے آتے ہی تمام سرکاری اسپتالوں میں مفت ادویات شروع کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز نے تمام سرکاری اسپتالوں کی ری ویمپنگ کا پروگرام شروع کیا ہوا ہے، ہمیں گڈ گورننس پر لیکچر دینے سے پہلے اپنے صوبے کے اسپتالوں اور تعلیمی اداروں پر غور کریں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں لوگوں کو تعلیم اور صحت کی بجائے ریاست مخالف بیانیے دیے جا رہے ہیں، کالجزاور یونیورسٹی کے طلبا کو تشدد اور نفرت پر اکسایا جا رہا ہے، نوجوان نسل کو بغاوت پر اکسانے والا آج اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہے، یہ باقیوں کے لیے سبق ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کی شان ہے کہ سرٹیفائیڈ شدہ چور،کرپٹ اورنالائق اب ہمیں کرپشن پر لیکچر دیں گے، جن کے اپنے صوبے میں اسپتال، یونیورسٹیاں اور کالجز فنڈز کی عدم دستیابی سے بند ہو رہے ہیں ان کو لاہور کے اسپتالوں کی فکر پڑی ہے۔
خیبر پختونخوا میں سرکاری ملازمین تنخواہیں نہ ملنے سے ہرہفتے احتجاج اورہڑتالیں کرتے ہیں، خیبر پختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں ادویات ملنا تو دور علاج کرنے والے ڈاکٹر دستیاب نہیں۔
وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت کی کرپشن کی نگرانی کے لیے اڈیالہ جیل کے قیدی نے بیرون ملک مانیٹرنگ ٹیم قائم کی ہے، جس شخص کو بطور وزیراعظم دو مرتبہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کرپٹ ترین وزیراعظم قرار دے چکی ہے، اب وہ دوسروں کی کرپشن کی نگرانی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کے اپنے وزرا اور ان کے اراکین اسمبلی ان کی کرپشن اورمحکموں میں مداخلت سے نالاں ہیں۔