وزیراعظم سے امام مسجد نبویﷺ کی ملاقات
آپ کا دورہ پاکستان کے لیے باعث اعزاز ہے، شہباز شریف،امام مسجد نبویﷺ نے پر تپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امام مسجد نبویﷺ ڈاکٹر صلاح محمد البدیر کی ملاقات، وزیراعظم نے معزز مہمان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
وزیراعظم نے امام مسجد نبویﷺ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا دورہ پاکستان کے لیے باعث اعزاز ہے، آپ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔
امام مسجد نبویﷺنے وزیراعظم کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور دیگر سعودی قیادت کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کے دلوں میں خادم الحرمین الشریفین اور سعودی قیادت کے لیے بے انتہاء عزت و احترام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات لازوال ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ہمارا سعودی عرب سے رشتہ دہائیوں پر محیط ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں کی جانب پر گامزن ہیں۔
امام مسجد نبویﷺ نے پاکستان میں پر تپاک میزبانی پر وزیراعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دو ایسے ستارے ہیں جو کبھی ایک دوسرے سے جدا نہیں ہو سکتے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین، علمائے کرام ، پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید سعودی اور دیگر سعودی حکام شامل تھے۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم کی طرف سے امام مسجد نبویﷺاور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔