ایران کے نئے صدر نے وزیر خارجہ سمیت مجوزہ وزرا کے نام پیش کر دیے

صرف سڑکوں اور شہری ترقیات کی وزارت کو چلانے کے لیے خاتون کا نام تجویز کیا گیا ہے

فوٹو- فائل

ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے اپنی حلف برداری کی تقریب کے 12 دن بعد اتوار کو اپنے مجوزہ وزراء کے انتخاب کی لسٹ اعتماد کے ووٹ کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کی۔

ایرانی خبر ایجنسی تسنیم نیوز کے مطابق مجوزہ وزراء کی لسٹ اتوار کی صبح پارلیمنٹ کے پریذائیڈنگ بورڈ کو پیش کی گئی۔

پیزشکیان نے 30 جولائی کو حلف اٹھایا اور ان کے پاس اپنی نئی کابینہ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کے لیے دو ہفتے کا وقت تھا۔

لسٹ میں شامل مجوزہ وزرا کے ناموں میں وزیر برائے اقتصادی امور اور فنانس عبدالناصر ہمتی، وزیر انٹیلی جنس اسماعیل خطیب، وزیر خارجہ عباس عراقچی،وزیر مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ستار ہاشمی،وزیر تعلیم علی رضا کاظمی، وزیر صحت، علاج اور طبی تعلیم محمد رضا ظفرقندی شامل ہیں۔


اس کے علاوہ وزیر برائے لیبر، کوآپریٹو اور بہبود احمد میداری، وزیر برائے ایگری کلچر غلام رضا نوری، وزیر دفاع عزیز ناصر زادہ، وزیر انصاف امیر حسین رحیمی، سڑکوں اور شہری ترقی کی وزیر فرزانہ صادق، وزیر صنعت و تجارت محمد عتابک اور وزیر ثقافت و اسلامی رہنمائی عباس صالحی کے نام شامل ہیں۔

لسٹ میں وزیر داخلہ اسکندر مومنی، وزیر تیل محسن پاکنزاد، وزیر توانائی عباس علی آبادی، وزیر کھیل احمد دونیمالی اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وزیر حسین سمعی صراف کا نام بھی شامل ہے۔

صرف سڑکوں اور شہری ترقیات کی وزارت کو چلانے کے لیے خاتون کا نام تجویز کیا گیا ہے۔

ایرانی خبر ایجنسی تسنیم نیوز کے مطابق ووٹ آف کانفیڈینس کے اوپن سیشن سے پہلے، قانون ساز ایک ہفتے کے لیے مجوزہ وزارتی انتخاب کے ناموں کا جائزہ لیں گے۔
Load Next Story