آئی جی سندھ کی یوم آزادی پر باجے استعمال کرنیوالوں کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایت

یوم آزادی پر آئی جی سندھ کی زیر صدارت سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد


Staff Reporter August 12, 2024
فوٹو- فائل

آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت یوم آزادی کے موقع پر صوبے میں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں یوم آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام اور پولیس رسپانس سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر کراچی پولیس چیف، ڈی آئی جیز اسٹیبلشمنٹ ، ہیڈ کوارٹرز ، ایس اینڈ ای ایس ڈی ، سی آئی اے ، ایسٹ ویسٹ ، ساؤتھ ، اے آئی جیز،ایڈمن و آپریشنز ، ایس پی ایم اینڈ پی آر نے بالمشافہ جبکہ حیدرآباد ، ایس بی اے ، میرپور خاص کے ڈی آئی جیز اور ایس ایس پی لاڑکانہ اور سکھر پولیس کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں متعلقہ ڈویژنز میں یوم آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات و حکمت عملی پر مشتمل بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ جشن آزادی کے موقع پر مزار قائد کے اندرون و اطراف میں سیکیورٹی کو غیر معمولی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کی مناسبت سے پریشر ہارنز اور شدید آواز والے مختلف باجے استعمال کرنیوالوں کے خلاف سخت ایکشن کو یقینی بنایا جائے ، بغیر سائلنسر یا شور پیدا کرنے والی موٹر سائیکلوں کے مالکان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے انٹیلیجینس نیٹ ورک کو متحرک کیا جائے ،جشن آزادی کے موقع پر سیکیورٹی اقدامات کو ہر سطح پر فول پروف بنایا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں