سہیلی کو آپ کی ضرورت ہے

وہ اطوارجو غم گساری کے متقاضی ہوتے ہیں


مبشرہ خالد August 14, 2024
فوٹو : فائل

خواتین کے حوالے سے کچھ لطیفے زبانِ زدِ وعام ہیں، جیسے دو عورتیں اکٹھی بیٹھی ہوئی تھیں اور خاموش تھی! یہ جملہ بذات خود ایک لطیفہ قرار پاتا ہے، کیوں کہ عام تاثر یہی ہے کہ خواتین کے لیے خاموش رہنا بہت مشکل کام ہے۔


وہ اگر اسپتال کی انتظار گاہ میں بھی بیٹھی ہوئی اپنی باری آنے کا انتظار کررہی ہوتی ہیں، تو ساتھ بیٹھی ہوئی دوسری خاتون کو اس کی بیماری کا علاج بھی تجویز کر دیتی ہیں ایسے میں یہ بات تو لازم ہیں کہ خواتین دوستوں کے ساتھ گھومنا پھرنا اور ان سے ہر قسم کی باتیں کرنے کو بے حد اہمیت دیتی ہیں پھر حقیقت تو یہیں ہے کہ دوستی ایک ایسا رشتہ ہے جو اعتماد، یقین اور محبت پر قائم ہوتا ہے۔


جودوست دکھ، درد اور زندگی کہ اتار چڑھاؤ میں ساتھ دیتی ہے، اس کی زندگی میں بے حد اہمیت ہوتی ہے، مگر کبھی کبھار اس بات کا فیصلہ کرنا بھی مشکل ہوجاتا ہے کہ جس دوست پر اندھا اعتبار کیا جا رہا ہے، وہ اس اندھے اعتبار کہ قابل ہے بھی کہ نہیں! کیوں کہ انسانی نفسیات کو سمجھنے میں محنت نہیں وقت درکار ہے، ماہر نفسیات بھی کئی سالوں کی محنت کے بعد کسی نتیجے پر پہنچتے ہیں اور ان نتائج کو سامنے لانے کا مقصد رشتوں کو مضبوط کرنے کے لیے راہ نمائی فراہم کرنا ہوتا ہے۔


آئیں میں آپ کو بتاتی ہوں کن باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ اپنی دوستی کو مضبوط کر سکتی ہیں۔


زیادہ مسکرانا


کیا کبھی آپ کے ساتھ ایسا ہوا ہے؟ کہ آپ نے اپنی دوست کو کوئی لطیفہ سنایا ہو، مگر وہ کافی دیر تک اسے سوچ کر مسکراتی رہی ہو؟ اور آپ نے سوچا ہو لطیفے میں کچھ ایسا خاص نہیں تھا کہ جتنا وہ مسکراتی رہی۔ ماہرین نفسیات کے مطابق ''وہ شخص جو چھوٹی چھوٹی باتوں پر ہستا ہے، وہ خود کو اکیلا اور تنہا محسوس کرتا ہے اس لیے اس کا مسکرانے کا عمل محسوس کی جانے والی تنہائی دور کرنے کے لیے ہوتا ہے۔'' اس لیے اگر آپ کی دوست معمولی لطیفہ پر حد سے زیادہ مسکرائے تو آپ اس کی تنہائی دور کرنے کے لیے اسے اس بات کا احساس دلائے کہ آپ اس کے ساتھ ہیں اور اسے خود کو تنہا سمجھنے کی ضرورت نہیں۔


چیخنا چلانا


اگر آپ کی کوئی سہیلی بے وجہ چیخنا چلانا شروع کردے گی، توآپ یقیناً پوچھیں گی، کیوں چیخ رہی ہو؟ آخر ایسی کیا بات ہے۔۔۔؟ ماہرین کا کہنا ہے کہ ''جو فرد چھوٹی چھوٹی باتوں پر چیخے، وہ خود کو پیار سے محروم محسوس کرتا ہے۔'' اس لیے آپ کی سہیلی کو آپ کی توجہ اور پیار کی ضرورت ہے۔


زیادہ سونا


آپ کی بہترین دوست کے معمول میں تبدیلی آجائے اور آپ کو اندازہ ہو کہ وہ حد سے زیادہ سونے لگی ہے، تو آپ کو اس بات کا علم ہو نا چاہیے کہ آپ کی سہیلی زیادہ سورہی ہے تو اس کا مطلب ہے ''وہ اداس ہے'' اس لیے آپ جاننے کی کوشش کیجیے کہ وہ کیوں اداس ہے۔۔۔؟ اور آپ کے ہوتے ہوئے اسے اداس ہونے کی ضرورت نہیں، تاکہ آپ اپنی دوستی کا حق ادا کر سکیں۔


عجیب انداز میں کھانا


کیا کبھی آپ نے یہ محسوس کیا ہے کہ آپ کی دوست نے عجیب انداز میں کھاناکھایا ہے۔ ماہرین کہتے ہیںکہ ''عجیب انداز میں کھانا کھانے کا مطلب ذہنی دباؤ کا شکار ہونا ہوتا ہے۔ اس لیے آپ کو اپنی سہیلی سے سے یہ بات جاننے کی کوشش کرنی چاہیے کہ کون سی ایسی وجوہات ہیں جن کی وجہ سے وہ ذہنی دباؤ میں مبتلا ہورہی ہے، کیوں کہ دوست وہی بہترین ہے، جو پریشانی میں ساتھ دے۔


دوستی ایک ایسا رشتہ ہے، جسے اگر نبھایا نہ جائے، تو اس کا ہونا اور نہ ہونا معنیٰ نہیں رکھتا اور یقیناً معمولی معمولی باتیں ہی دوستی کے رشتوں کو مضبوط بناتی ہیں، اس لیے یہ باتیں پڑھنے کے بعد جب آپ اپنی قریبی دوست کو بے وجہ ہنستے، زیادہ سوتے، زیادہ کھاتے، روتے اور چیختے دیکھیے تو اس کی مزاج پُرسی ضرور کریں اور دوستی کا عملی ثبوت دیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں