اظہر مشوانی کے بھائیوں کی عدم بازیابی فریقین کیخلاف توہینِ عدالت کارروائی کا فیصلہ
اظہر مشوانی کے بھائیوں کی عدم بازیابی پر عدالت نے توہینِ عدالت کی کارروائی کے لیے فریقین کو طلب کرلیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے روبرو اظہر مشوانی کے 2 لاپتا بھائیوں کی بازیابی کے لیے ان کے والد کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں لاپتا پروفیسر مظہر الحسن اور پروفیسر ظہور الحسن کے والد کی جانب سے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: اظہر مشوانی کے لاپتا بھائیوں کو بازیاب کرا کے اسلام آباد ہائی کورٹ پیش کرنیکا حکم
دوران سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کی رپورٹ پہلے ہی فائل ہو چکی ہے۔ سکیورٹی اداروں کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں بھائیوں کے حوالے سے کچھ معلوم نہیں۔
عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے سیکرٹری دفاع، سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد اور ڈی جی ایف آئی اے کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ اب میں تمام فریقین کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کروں گا۔ جواب دیں کیوں نہ توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 15 اگست تک ملتوی کردی۔