پختونخوا آن ڈیوٹی شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کو مفت پلاٹ دینے کا فیصلہ
خیبر پختونخوا میں آن ڈیوٹی شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کو مفت پلاٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے شہدا کے خاندانوں کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے اہم فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت پولیس،ریسکیو سمیت دیگر صوبائی محکموں کے آن ڈیوٹی شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ کو مفت پلاٹس دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ کی زیرصدارت محکمہ ہاؤسنگ کے اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاک فوج اور ایف سی کے شہدا کے ورثا کو بھی پلاٹس دیے جائیں گے۔ اس موقع پر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پلاٹس الاٹمنٹ کا آغاز مختلف سرکاری ہاؤسنگ اسکیموں میں دستیاب 500 پلاٹس سے کیا جائے۔ شہداء کے ورثا کو پلاٹس دینے کا مقصد خاندانوں کی معاشی سپورٹ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہدا نے ہمارے محفوظ مستقبل کے لیے جو قربانیاں دی ہیں ان کا کسی صورت بدلہ نہیں چکایا جا سکتا۔
وزیراعلیٰ نے ہنگو، نوشہرہ، پشاور، سوات اور ایبٹ آباد میں واقع ہاؤسنگ اسکیموں میں دستیاب پلاٹوں سے شہدا کے خاندانوں کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ جلد کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی امجد علی، سیکرٹری ہاؤسنگ، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔