جعلی دستاویزات پر امریکا جانے والے مسافر کو آف لوڈ کرکے گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر کارروائی کی اور جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مسافر کو آف لوڈ کرکے گرفتار کرلیا۔
ملزم محمد مقصود نے جعلی دستاویزات پر فلائٹ نمبر GF-753 کے ذریعے کراچی سے امریکا جانے کی کوشش کی اور امیگریشن کلیئرنس کے دوران ملزم کو مشکوک پایا گیا۔ ملزم کے پاسپورٹ پر جعلی ویزا لگا ہوا تھا اور سکیورٹی خصوصیات بھی مشکوک پائی گئیں ۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے مذکورہ ویزا مہیش کمار اور نعیم احمد کی معاونت سے حاصل کیا ۔ ملزم نے اپنے اور خاندان کے 5 ویزوں کے حصول کے لیے ایجنٹوں کو 60 لاکھ روپے ادا کیے ۔ ملزم کو ایجنٹ کی نشاندہی اور مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔