دیس بدیس کے کھانے
رمضاسن المبارک کی مناسبت سےکھجورکےلڈو, ندرسے, کھٹے میٹھے چنے، اسپیشل سینڈوچ،چنے کی دال کے پکوڑے ،سموسہ چاٹ بنان سیکھئے
رمجان المبارک میں روایتی کھانوں کا استعمال بڑھ جاتا ہے فوٹو: فائل
کھجور کے لڈو
اجزا:
کھجور (ایک یا ڈیڑھ پیالی) گٹھلی نکال کر کاٹ لیں، مکھن (دو کھانے کے چمچے)، کٹا ہوا بادام، پستہ (تین یا چار پیالی)، کھویا (آدھی پیالی)، کدوکش کیا ہوا ناریل (تین یا چار پیالی)
ترکیب:
ایک پین میں مکھن گرم کر کے کھجور کا گودا تل لیں، اس میں بادام پستہ اور کھویا اچھی طرح ملالیں۔ اس آمیزے کو آدھے گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ فریج سے نکالنے کے بعد لڈو بنالیں اور کدوکش کیے ہوئے ناریل میں رول کریں اور پیپر کپ میں سجاکر اپنے افطار کو پر رونق بنائیں۔
اندرسے
اجزا:
پانی (ڈیڑھ پیالی)، چینی (آدھا کلو)، چاول کا آٹا (600 گرام)، کھانے کا سوڈا (آدھا چائے کا چمچا)، تل (ایک پیالی)
ترکیب:
ایک پین میں ڈیڑھ پیالی پانی اور آدھا کلو چینی ڈال کر پکائیں اور چمچا چلاتی رہیں، یہاں تک کہ چینی حل ہو جائے۔ اب اسے چولھے سے اتار کر چاول کا آٹا شامل کریں اور ملاکے دو سے تین گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ سخت ہو جائے، تو اس میں کھانے کا سوڈا شامل کر دیں۔ دوبارہ اچھی طرح ملائیں۔ اس کو رول کی طرح بنالیں، پھر اس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کریں۔ اس کے بعد ہر ٹکڑے کو تل میں گھمائیں کہ اس پر اچھی طرح تل لگ جائیں۔ آخر میں انہیں گرم تیل میں ہلکی آنچ پر تللیں۔ کرارے اور برائون ہوجائیں تو نکال لیں۔ مزے دار اندرسے تیار ہیں۔ افطار کے موقع پر بچے یہ نہایت شوق سے نوش کرتے ہیں۔
کھٹے میٹھے چنے
اجزا:
ابلے ہوئے کالے چنے (250 گرام)، ابلا ہوا آلو (ایک عدد)، تیل (ایک چوتھائی پیالی)، ثابت سفید زیرہ (ایک چائے کا چمچا)، کڑی پتے (20عدد)، ادرک لہسن کا آمیزہ (ایک چائے کا چمچا)، پسی ہوئی لال مرچ (ایک چائے کا چمچا)، نمک (ایک چائے کا چمچا)، املی کا گودا (ایک چوتھائی یا آدھی پیالی)، چینی (ایک چائے کا چمچا)، چاٹ مسالا (ایک چائے کا چمچا)، ہرا دھنیا (گارنش کے لیے)
ترکیب:
ایک پین میں تیل گرم کر کے ثابت سفید زیرہ، کڑی پتے اور ادرک لہسن کا آمیزہ ڈال کر تل لیں۔ اب اس میں پسی ہوئی لال مرچ، نمک ، کالے چنے، املی کا گودا اور چینی اور چاٹ مسالا ڈال کر ملا لیں۔ اس کے بعد اس میں آلو ڈال کر ایک پیالی میں نکالیں۔ آخر میں اسے ہرے دھنیے سے گارنش کر کے دسترخوان پر رکھیں۔
اسپیشل سینڈوچ
اجزا:
انڈے (تین عدد) میش کرلیں، نمک (آدھا چائے کا چمچا)، کالی مرچ (آدھا چائے کا چمچا)، مسٹرڈ پیسٹ (ایک چائے کا چمچا)، مایونیز (تین کھانے کے چمچے)، چیڈر چیز (تین کھانے کے چمچے) کدوکش کرلیں، مکھن (دو کھانے کے چمچے)، ڈبل روٹی کے توس (حسب ضرورت)
ترکیب:
ایک پیالے میں انڈے، نمک، کالی مرچ، مسٹرڈ پیسٹ، مایونیز، چیڈر چیز اور مکھن ڈال کر ملائیں۔ اس کے بعد لیے گئے توست پر رکھ کر اس کے سینڈوچ بنالیں۔ روزہ کھولنے کے بعد ذائقے دار سینڈوچ یقیناً بہت بھلے معلوم ہوں گے۔
چنے کی دال کے پکوڑے
اجزا:
چنے کی دال (ایک پائو)، پسی سرخ مرچ (ایک چائے کا چمچا)، پسا ہوا زیرہ (دو چائے کے چمچے)، باریک کتری ہوئی پیاز (ایک پائو)، نمک(حسب ذائقہ)، ہلدی (آدھا چائے کا چمچا)، کھانے کا سوڈا (آدھا چائے کا چمچا)، ہری مرچیں (آٹھ عدد) باریک کتر لیں، تیل (تلنے کے لیے)
ترکیب:
چنے کی دال کو رات بھر پانی میں بھگو دیں، جب پکوڑے بنانے ہوں تو دال کا پانی نکالیں اور دال کو اچھی طرح پیس لیں۔ اب اس میں نمک، پسی ہوئی سرخ مرچ، ہلدی، پسا ہوا زیرہ، کھانے کا سوڈا، پیاز، ہرا دھنیا اور ہری مرچیں شامل کر کے اچھی طرح ملالیں۔ اس کے بعد تیل گرم کر کے دال کا آمیزہ تھوڑا تھوڑا کر کے پکوڑے کی شکل میں کڑھائی میں ڈالیں اور اچھی طرح تل کر چٹنی یا کیچپ کے ساتھ افطار میں گرما گرم پیش کریں۔
سموسہ چاٹ
اجزا:
سموسے کے لیے: میدہ (دو پیالی)، اجوائن (ایک چوتھائی چائے کا چمچا)، نمک (آدھا چائے کا چمچا)، گھی (دو کھانے کے چمچے)، پانی (گوندھنے کے لیے)
فلنگ کے لیے: آلو دو عدد (اْبلے ہوئے)، ہری مرچ (دو عدد) کتر لیں، کٹا ہوا ہرا دھنیا (ایک کھانے کا چمچا)، کُٹی ہوئی لال مرچ (آدھا چائے کا چمچا)، چاٹ مسالا (آدھا چائے کا چمچا)، نمک (ایک چوتھائی چائے کا چمچا)
چاٹ بنانے کے لیے: سموسے (دو عدد)، ابلے ہوئے چنے (آدھی پیالی)، پھینٹی ہوئی دہی (آدھی پیالی)، پسی ہوئی لال مرچ (آدھا چائے کا چمچا)، چاٹ مسالا (آدھا چائے کا چمچا)، باریک کتری ہوئی پیاز (دو کھانے کے چمچے)، ہرے دھنیے کی چٹنی (دو کھانے کے چمچے)، املی کی چٹنی (چار کھانے کے چمچے)، سیو (دو سے تین کھانے کے چمچے)
ترکیب: (سموسے کے لیے:)
ایک پیالے میں میدہ، نمک، اجوائن اور گھی ڈال کر پانی کے ساتھ گوندھ لیں۔ اس کے بعد ڈھک کر 30 منٹ کے لیے چھوڑ دیں، پھر اس کے پیڑے بنائیں۔ اب ہر پیڑے کو لمبائی میں بیل کر درمیان سے دو ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔اْبلے ہوئے آلو ، کتری ہوئی ہری مرچ، کٹا ہوا ہرا دھنیا، کُٹی ہوئی لال مرچ، چاٹ مسالا اور نمک کو آپس میں ملا کر فلنگ تیار کر لیں۔اس کے بعد ہر ٹکڑے میں فلنگ بھر کے سموسے کی طرح فولڈ کر لیں۔ اب یہ سموسے گرم تیل میں ہلکی آنچ پر گولڈن فرائی کرلیں۔
چاٹ بنانے کے لیے:
ایک پلیٹ میں دو عدد سموسے ڈالیں۔ ہر سموسے کو آہستہ سے دبائیں کہ یہ ٹوٹ جائیں۔ اس پر اْبلے ہوئے چنے اور تھوڑی سی دہی ڈالیں، پھر اس پر لال مرچ اور چاٹ مسالا بھی چھڑک دیں۔ اس کے بعد ہرے دھنیے کی چٹنی اور املی کی چٹنی پھیلا کر ڈالیں۔ آخر میں کتری ہوئی پیاز ڈالیں اور سیو سے گارنش کر کے اپنے افطار کا مزہ دوبالا کریں۔