غزہ میں ایک اور اسرائیلی یرغمالی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئیں حماس

غزہ میں حماس کے پاس یرغمال 111 اسرائیلیوں میں سے 39 مارے جاچکے ہیں

غزہ میں حماس کے پاس یرغمال 111 اسرائیلیوں میں سے 39 مارے جاچکے ہیں

حماس کے پاس قید اسرائیلی یرغمالیوں میں سے مزید ایک شخص ہلاک اور 2 یرغمالی خواتین شدید زخمی ہوگئیں۔

عرب میڈیا کے مطابق حماس کی عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ دو الگ الگ واقعات میں ایک اسرائیلی یرغمالی ہلاک اور 2 یرغمالی خواتین زخمی ہوگئیں۔

ترجمان ابوعبیدہ نے کہا کہ یہ واقعہ قیدیوں کے پہرے پر مامور افراد کی فائرنگ کے باعث پیش آیا تھا۔ اسرائیل اس ردعمل کا ذمہ دار ہے جس نے فلسطینیوں پر مظالم کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔


القسام بریگیڈ کے ترجمان کے بیان میں ہلاک اور زخمی ہونے والے اسرائیلی یرغمالیوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم یہ بتایا گیا ہے کہ ماہر طبیب کی زیرنگرانی یرغمالی خواتین کی زندگی بچانے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔

ادھر اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہیگاری نے یرغمالی کی ہلاکت اور زخمی ہونے سے بے خبر ہونے بتاتے ہوئے کہا کہ ایسے کسی واقعے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

یاد رہے کہ حماس کا کہنا ہے کہ غزہ میں یرغمال قیدیوں کی تعداد 111 تھی جن میں سے اب تک 39 فوت ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر وہ ہیں جو اسرائیلی فوج کی بمباری میں جان سے گئے۔

 
Load Next Story