پاکستان کا 78 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

رات بارہ بجتے ہی ملک بھر میں شاندار آتش بازی کے ساتھ 14 اگست کا استقبال، کاکول میں آزادی پریڈ کا انعقاد


ویب ڈیسک August 14, 2024
فوٹو فائل

پاکستان کا 78 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، رات بارہ بجتے ہی ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں 14 اگست کا شان دار آتش بازی کے ساتھ یوم آزادی کا استقبال کیا گیا۔

ملک کے مختلف شہروں میں نوجوان رات بارہ بجتے ہی سڑکوں پر نکل آئے اور جشن آزادی کی مناسبت سے ہر سو سر سبز جھنڈوں کی بہار آگئی، اس کے علاوہ سرکاری و دیگر اہم عمارتوں کو بھی جشن آزادی کی مناسبت سے برقی قمقموں کے ساتھ سجایا گیا تھا۔

جشن آزادی کی مناسبت سے گورنر ہاؤس سندھ اور گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں شان دار میوزیکل پروگرامز کا انعقاد کیا گیا، گورنر ہاؤس سندھ میں آتش بازی کے لیے دبئی سے خصوصی ٹیم کو مدعو کیا گیا تھا جبکہ معروف گلوکار عاطف اسلم اور عابدہ پروین نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔

14 اگست کا دن ان قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے آبا و اجداد نے ایک طویل اور لازوال جدوجہد کے بعد پاکستان کو معرض وجود میں لانے کے لیے دیں۔

دن کا اغاز وطن عزیز کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوئی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔ صوبائی دارالحکومتوں میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب منعقد ہوئیں۔

یوم آزادی کی مناسبت سے ملک بھر میں ریلیاں اور تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

باکستان کی ترقی و خوشحالی ایک اٹل حقیقت ہے، جو اس کی 24 کروڑ کی آبادی کے عزم و ہمت کا نتیجہ ہے۔ ملک کی 65 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہ نوجوان پاکستان کے مستقبل کو روشن کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

جغرافیائی اعتبار سے پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے، جس کی سرحدیں بھارت، چین، افغانستان اور ایران سے ملتی ہیں پاکستان کے پاس 1046 کلومیٹر طویل سمندری پٹی موجود ہے، جو عالمی سمندری راستوں تک باآسانی رسائی فراہم کرتی ہیں جبکہ سی پیک اور تاپی جیسے منصوبے خطے اور عالمی تجارت کے فروغ کے لیے اہم منصوبے ہیں، جو پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کو بڑھاتے ہیں۔

پاکستان کا وسیع و عریض تاریخی و ثقافتی ورثہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، یہاں قدرتی ورثے بھی موجود ہیں، جن میں صحرا، سمندر، جھیلیں، بل کھاتے دریا، اور بلند و بالا پہاڑ شامل ہیں گلگت بلتستان میں دنیا کی دوسری بلند چوٹی کے ٹو واقع ہے۔

سوات میں بدھ مت کے تاریخی سٹوپا مجسمے موجود ہیں جنہیں مشہور بادشاہ آشوکا کی جانب سے بنایا گیا۔ مغلیہ دور کے کئی شاہکار، جن میں شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد، شیش محل، اور ہرن منار شامل ہیں، دنیا بھر سے سیاحوں کو اپنی طرف راغب کرتے ہیں۔

پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہے۔ پاکستان نے انسداد دہشتگردی کی جنگ میں فرنٹ لائن پر رہتے ہوئے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔

پاکستان نے کرکٹ، ہاکی، اور اسکواش جیسے کھیلوں میں کئی نامور کھلاڑی پیدا کیے ہیں، جن میں جہانگیر خان کا 555 گیمز جیتنے کا منفرد ریکارڈ شامل ہے۔ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے اور ترقی کی منازل طے کرنے میں ہر پاکستانی بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

صدر آصف علی زرداری کا پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر پیغام

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے 78ویں یوم ِآزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یومِ آزادی حقِ خود ارادیت کیلئے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔

انہوں نے کہا کہ پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے، پاکستان کیلئے انگنت قربانیاں دینے والے تحریک ِپاکستان کے رہنماؤں، کارکنان اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر كام کرنا ہوگا، ملکی اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے ملک کو بے شمار انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کیلئے وسائل کو بروئے کار لائیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ قانون کی حکمرانی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا، قوم کو ہم سے بہت سی توقعات ہیں، عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہیے، قائد اعظم کے فرمان کے مُطابق تمام تر توجہ عوام الناس اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود پر مرکوز کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عظیم ملک بنانے کیلئے نوجوانوں اور خواتین پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی جبکہ ملکی ترقی کیلئے خدمات کی فراہمی بہتر بنانے، کاروبار کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے، جشن آزادی پر سات دہائیوں سے اپنی آزادی اور حق ِخود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنے والے اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، جشن آزادی پر عہد کریں کہ عوامی ترقی کیلئے کام کریں گے، پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں