مقبوضہ کشمیر سرچ آپریشن میں بھارتی فوج کا کیپٹن فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک

بھارتی فوج کی ٹیم ضلع ڈوڈا کے ایک جنگل میں ملٹری آپریشن کرنے کے لیے پہنچی تھی

بھارتی فوج کی ٹیم ضلع ڈوڈا کے ایک جنگل میں عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے پہنچی تھی

مقبوضہ کشمیر کے ضلع ڈوڈا میں ملٹری آپریشن کے لیے جانے والی بھارتی فوج کی پارٹی کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈا کے ایک جنگل میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر بھارتی فوج دیگر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر مشترکہ آپریشن کرنے پہنچی تھی۔

تاہم مسلح افراد نے گرفتاری دینے کے بجائے شدید مزاحمت کی اور رات 4 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس میں بھارتی فوج کا ایک کیپٹن مارا گیا جب کہ ایک شہری زخمی ہے۔

رات کو ناکام آپریشن اور کیپٹن کے مارے جانے کے بعد کارروائی روک دی گئی اور صبح تازہ دستوں کے پہنچنے پر سرچ آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا۔


سیکیورٹی فورسز نے انکاؤنٹر کے مقام سے امریکی ساختہ M4 اسالٹ رائفل اور خون میں لت پت 4 بیگز بھی ملے جس میں آلات اور لاجسٹکس موجود تھے۔

بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مقابلے کے مقام سے ملنے والے سامان پر اور جگہ جگہ خون کے دھبے ہیں۔ جس سے لگتا ہے کہ مسلح افراد شدید زخمی ہیں اور آس پاس ہی کہیں پناہ لیے ہوئے ہیں اور ان کی تعداد 4 ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں یہ مقابلہ بھارتی یومِ آزادی کی تقریبات سے ایک دن پہلے اُس وقت ہوا جب وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ، آرمی اور قومی سلامتی کے مشیر کے ساتھ ایک سیکیورٹی میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے۔

یاد رہے کہ اسی علاقے میں گزشتہ برس ستمبر میں ایک کمانڈنگ آفیسر، ایک میجر اور ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو دہشت گردوں نے ہلاک کر دیا تھا اور گزشتہ ماہ ضلع کپواڑا میں ہونے والے ایک مقابلے میں بھی ایک بھارتی فوجی ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا تھا۔

 
Load Next Story