چین میں ایک بچہ 37 سال بعد والدین کو مل گیا
بچے کے والدین نے دادی کے بچے کو دوسری فیملی کو گود دینے کے فیصلے سے اتفاق نہیں کیا تھا
حال ہی میں ایک رقعت آمیز واقعے میں چین میں ایک جوڑا 37 سال بعد اپنے بیٹے سے ملا جب 1 دن کے بچے کو اس کی دادی نے 1986 میں کسی جوڑے کو دے دیا تھا۔
چینی میڈیا کے مطابق بچے کی دادی نے یہ مانتے ہوئے کہ جوڑا اپنی غربت کیوجہ سے بچے کی پرورش نہیں کرپائے گا، بچے کو ایک فیملی کو گود دے دیا جس کا سربراہ زاؤ نامی شخص تھا ۔
بچے کے والد لی اور انکی اہلیہ نے اس فیصلے سے اتفاق نہیں کیا تھا تاہم دادی نے خفیہ طور پر بچے کو دوسرے خاندان کے حوالے کیا۔ بعد میں دادی نے وضاحت دی انہوں نے انکی مالی مشکلات کو دیکھ کر یہ فیصلہ کیا۔
یہ واضح نہیں ہے کہ زاؤ نے دادی کو کتنی رقم ادا کی۔
مقامی میڈیا کے مطابق دادی کی موت کے بعد، لی اور ان کی اہلیہ نے اپنے کھوئے ہوئے بیٹے کی تلاش میں تین دہائیوں تک گرد چھانی۔ وزارت پبلک سیکیورٹی کے ڈیٹا بیس کے مطابق فروری میں جوڑے کے خون کے نمونے پینگ نام کے ایک شخص سے مماثل پائے گئے جو شیڈونگ صوبے کے زاؤژوانگ میں رہتا تھا اور اسطرح بیٹا اور والدین 37 سال بعد آپس میں مل گئے۔