بالی وڈ کی لیجنڈری جوڑی سلیم جاوید ایک بار پھر فلم کیلئے تیار
سلیم خان اور جاوید اختر نے ایک ساتھ 24 فلمیں تحریر کیں جن میں سے 22 بلاک بسٹر ثابت ہوئیں
بالی وڈ انڈسٹری کی نامور اسکرپٹ رائٹر جوڑی سلیم جاوید ایک مرتبہ پھر ساتھ نظر آئیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نغمہ نگار اور کہانی نویس جاوید اختر نے اعلان کیا ہے کہ وہ اور سلیم خان ایک اور فلم ساتھ کریں گے۔
فلم 'اینگری ینگ مین' کے ٹریلر لانچ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جاوید اختر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک نئی فلم کرنے کیلئے سلیم خان سے بات کی ہے۔
جاوید اختر کا کہنا تھا کہ اس زمانے میں بھی وہ دونوں زیادہ معاوضہ وصول کرتے تھے اور اس زمانے میں تو بہت ہی زیادہ معاوضہ ہوگا۔
یاد رہے کہ سلیم خان اور جاوید اختر نے ایک ساتھ 24 فلمیں تحریر کیں جن میں سے 22 بلاک بسٹر ثابت ہوئیں اور ان فلموں میں شعلے، ڈان، زنجیر، یادوں کی بارات، دیوار، ہاتھی میرا ساتھی، سیتا اور گیتا شامل ہیں۔