ارسلان افتخار کی تقرری میں وزیراعظم نوازشریف کا کوئی کردار نہیں تھا میرحاصل بزنجو

عمران خان کا ارسلان افتخار سے متعلق غیر ذمہ درانہ بیان افسوس ناک ہے، صدر نیشنل پارٹی


ویب ڈیسک July 05, 2014
ارسلان افتخار نے خود ہی بلوچستان انویسٹمنٹ بورڈ کا رکن بننے کی درخواست کی تھی، حاصل بزنجو فوٹو: فائل

ISLAMABAD: بلوچستان میں بر سراقتدار جماعت نیشنل پارٹی کے صدر میر حاصل بزنجونے کہا ہے کہ ارسلان افتخار نے انویسٹمنٹ بورڈ کا رکن بنانے کی خود درخواست کی تھی اس میں وزیراعظم نوازشریف یا وفاقی حکومت کا کوئی کردار نہیں تھا۔

اسلام آباد میں وزیر اعلی بلوچستان عبدالمالک بلوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران میر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ ارسلان افتخار کی بلوچستان انویسٹمنٹ بورڈ کے وائس چیئرمین نامزدگی میں وزیراعظم نوازشریف یا وفاقی حکومت کا کوئی کردار نہیں تھا، انہوں نے بورڈ کا رکن بننے کی درخواست کی تھی جسے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے قبول کیاتھا جب کہ اس حوالے سے عمران خان کا بیان افسوسناک ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر عبدالمالک کا کہنا تھا کہ ماضی میں بلوچستان میں کرپشن عام تھی لیکن ان پر کوئی ایک روپے کی بھی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا ۔ ریکوڈک کا معاملہ بین الاقوامی عدالت میں ہے، اس سلسلے میں متعلقہ کمپنی کی جانب سے ان سے کئی مرتبہ معاملہ حل کرنے کے لئے رابطہ کیا گیا، اس سلسلے میں انہوں نے وفاقی حکومت سے بات کی جس پر مرکز اور صوبے کے ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اس معاملے کے حل کے لئے بات چیت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے صدر اور دیگر دوستوں نے کہا کہ ارسلان افتخارکو بلوچستان انویسٹمنٹ بورڈ میں عہدہ دینے کا فیصلہ غلط ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے معاملے پر صوبے کو اختلافات ہیں کیونکہ صوبے میں عسکریت پسندوں کی جانب سے گزشتہ خانہ شماری میں بھی نشانہ بنایا گیا تھا اس کے علاوہ صوبے میں موجود افغان مہاجرین مردم شماری کو متاثر کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورت حل گزشتہ برس کی نسبت کافی بہتر ہے تاہم ایران جانے والے زائرین کو 700 کلو میٹر تک سیکیورٹی فراہم کرنا ناممکن ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں