یوم آزادی اندھادھند ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری بچے سمیت متعدد زخمی

کراچی میں منگل کی شب کو بھی جشن آزادی کے دوران فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 70 سے زائد شہری زخمی ہوئے


ویب ڈیسک August 14, 2024
شہر میں منگل کی شب کو اندھادھند فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے—فوٹو: فائل

شہر میں یوم آزادی پر بھی اندھادھند ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا اور نامعلوم سمت سے گولیاں لگنے سے ایک بچہ سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیو زکے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد اور اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے بچے سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

شہر میں منگل کی شب جشن آزادی کے سلسلے میں شہر بھر میں اندھا دھند ہوائی فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 70 سے زائد شہری زخمی ہوئے تھے۔

کراچی میں منگل کی شب اور بدھ کو یوم آزادی کے موقع پر ہونے والی ہوائی فائرنگ سے شہر میں اسلحے کی بھرمار کا بھی اشارہ مل گیا ہے اور نامعلوم سمت سے گولیاں چلنے کا سلسلہ جاری رہا ہے۔

چھیپا عہدیداروں کے مطابق ضلع وسطی کے علاقے ناظم آباد ایک نمبر مدینہ مسجد کے قریب گولی لگنے سے 45 سالہ صالح زخمی ہوگیا، انہیں بازو پر گولی لگی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہری کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا اور واقعے سے متعلق بتایا گیا کہ نامعلوم سمت سےآنے والی گولی لگنے سے شہری زخمی ہوگیا۔

ضلع غربی کے علاقے اورنگی ٹاؤن ایک نمبر شیر مال ہاؤس کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ایک لڑکا زخمی ہوگیا، چھیپا کے مطابق زخمی کی شناخت 8 سالہ عبدالہادی کے نام سے ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ 8 سالہ بچے کو کندھے میں گولی لگی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں