اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے لیکن پارٹی معاملات پارٹی میں ہی حل ہونے چاہیئں وزیراعظم

مجھے ذاتی طور پر آپ سے کوئی گلہ نہیں لیکن جو کچھ بھی ہو حکومت اور پارٹی کے مفاد میں ہونا چاہئے،چوہدری نثار علی


ویب ڈیسک July 05, 2014
وزیراعظم نے دیگر پارٹی رہنماؤں کی غلط فہمیاں دور کرنے ٹاسک شہباز شریف کو دے دیا،فوٹو:فائل

وزیراعظم نوازشریف اور وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کے درمیان رائے ونڈ میں ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم نے چوہدری نثار کو غلط فہمیاں دور کرنے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے معاملات پارٹی میں ہی حل ہونے چاہیئں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے ہمراہ رائے ونڈ پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان 4 گھنٹے طویل ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم نوازشریف نے چوہدری نثار کو تمام معاملات حل کرنے اور غلط فہمیاں دور کرنے یقین دہانی کرائی ،اس موقع شہبازشریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شریف بھی موجود تھے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزیراعظم کو اپنے تمام تحفظات سے آگاہ کیا جس پر نوازشریف نے انہیں تمام معاملات حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے تاہم جو بھی معاملات ہیں انہیں جلد حل کیا جائے گا اور پارٹی کے معاملات پارٹی میں ہی حل ہونا چاہئیں جبکہ وزیراعظم نے ساتھ ہی ہدایت کی کہ جب تک تمام معاملات حل نہیں ہوجاتے اس پر میڈیا کے سامنے جانے سے اجتناب کیا جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزیراعظم سے کہا کہ مجھے ذاتی طور پر آپ سے کوئی گلہ نہیں ہے لیکن جو کچھ بھی ہو حکومت اور پارٹی کے مفاد میں ہونا چاہئے، اس موقع پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم نوازشریف چوہدری نثار سمیت دیگر ناراض پارٹی رہنماؤں سے اگلی ملاقات اسلام آباد میں کریں گے جبکہ وزیراعظم نے دیگر پارٹی رہنماؤں کی غلط فہمیاں دور کرنے ٹاسک شہباز شریف کو دے دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ کی اعلیٰ قیادت اور چوہدری نثار کےدرمیان اختلافات کافی حد تک دور ہوگئے ہیں جبکہ کچھ معاملات پر موجود ڈیڈلاک کو بھی جلد دور کرلیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چوہدری نثارکو پرویز مشرف کے معاملے،قومی سلامتی پالیسی کو بجٹ میں نظر انداز کرنے اور دیگر اہم معاملات پر مسلم لیگ (ن)کے فیصلوں پر شدید تحفظات ہیں جبکہ وہ کئی بار قومی اسمبلی کے اجلاس سے بھی غیر حاضر رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں