امام مسجد نبوی 7 روزہ خیر سگالی دورے کے بعد مدینہ روانہ ہو گئے
پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے دی گئی عزت اور مہمان نوازی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، امام مسجد نبوی
امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر پاکستان کا 7 روزہ خیر سگالی دورہ مکمل کر کے مدینہ منورہ روانہ ہو گئے۔
سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، حافظ طاہر محمود اشرفی اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے معزز مہمان کو لاہور ایئر پورٹ پر الوداع کیا۔
ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے ملک میں قیام کے دوران حرمین شریفین کے لیے پاکستانی عوام کی گہری محبت اور عقیدت کے لیے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے دی گئی عزت اور مہمان نوازی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اپنے دورے میں ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان سمیت کئی اہم رہنماؤں اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے فیصل مسجد اسلام آباد میں نماز جمعہ کی امامت بھی کی اور خطبہ دیا۔
انہوں نے لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد، بحریہ ٹاؤن کی گرینڈ مسجد اور جامعہ اشرفیہ لاہور میں بھی نماز کی امامت کی اور اس موقع پر پاکستان اور پوری امت مسلمہ کی ترقی و خوش حالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔