بنگلادیش شیخ حسینہ اور 15 اعلیٰ حکام کیخلاف قتل کا ایک اور مقدمہ درج

حکومت کے خاتمے کے بعد سے یہ شیخ حسینہ واجد پر پانچواں اور قتل کا تیسرا مقدمہ ہے

حسینہ واجد چار بار وزیراعظم جب کہ 3 بار اپوزیشن لیڈر رہیں, فوٹو: فائل

بنگلا دیش کی مستعفی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف ایک رکشہ ڈرائیور کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ، سابق وزیر ٹرانسپورٹ، سابق وزیر دفاع اور سابق وزیر خارجہ سمیت 11 اعلیٰ حکام کو قتل کے ایک اور کیس میں نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ طلبا احتجاج کے دوران پولیس نے مظاہرین پر اور اطراف میں اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہاں کھڑے ایک رکشہ ڈرائیور کو گولی لگ گئی تھی اور ان کی موت واقع ہوگئی تھی۔

اس طرح حکومت کے خاتمے کے بعد سے یہ شیخ حسینہ واجد پر پانچواں اور قتل کا تیسرا مقدمہ ہے جب کہ انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل میں بھی ایک قتل کیس پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔


شیخ حسینہ واجد اس وقت بھارت میں مقیم ہیں اور پناہ کے لیے کسی دوسرے ملک کی راہ دیکھ رہی ہیں لیکن تاحال برطانیہ اور امریکا نے ہری جھنڈی دکھا دی جب کہ بھارت نے بھی زیادہ عرصے تک اپنے یہاں پناہ دینے سے منع کردیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں شیخ حسینہ واجد دو ماہ سے جاری طلبا تحریک کے نتیجے میں مستعفی ہونے پر مجبور ہوگئی تھیں اور سرکاری رہائش گاہ سے ہیلی کاپٹر میں بھارت کے لیے روانہ ہوگئی تھیں۔

 

 

 
Load Next Story