سندھ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی قائم کرنے کی منظوری
کراچی ضلع وسطی میں 612 ایکڑز اراضی پر اور کراچی ملیر میں 600 ایکڑز پر سولر پارک قائم کرنے کی بھی منظوری
سندھ کابینہ نے سندھ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (سیپرا) قائم کرنے کی منظوری دے دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سندھ کابینہ نے سیپرا قائم کرنے کی منظوری دی۔
شرکا کو بتایا گیا کہ سیپرا سندھ رجسٹریشن آف الیکٹرک پاور سروس ایکٹ 2023 کے تحت قائم کی گئی ہے، سیپرا کا ایک چیئرمین اور 3 ممبران ہوں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سیپرا کے لیے 197.916 ملین روپے بجٹ 25-2024 کےلیے منظوری بھی دے دی۔
دریں اثنا سندھ کابینہ نے 500 میگاواٹ سولر پارک مانجھند کیلئے 250 ایکڑ اراضی دینے کی منظوری دی، کراچی ضلع وسطی میں 612 ایکڑز اراضی 120 میگاواٹ سولر پارک قائم کرنے کی منظوری دی، کراچی ملیر میں 600 ایکڑز پر 150 میگاواٹ سولر پارک قائم کرنے کی منظوری دیدی۔
وزیر توانائی سید ناصر شاہ نے 1.362 بلین روپے کی اسٹامپ ڈیوٹی معاف کرنے کی کابینہ کو درخواست کی تاہم کابینہ نے اسٹامپ ڈیوٹی معاف کرنے کی تجویز منظور نہیں کی۔