اسٹاک مارکیٹ میں تیزی انڈیکس کی 78000 پوائنٹس کی سطح بحال
کے ایس ای 100 انڈیکس 228.56 پوائنٹس کے اضافے سے 78105.98 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو تیزی رہی جس سے انڈیکس کی 78000 پوائنٹس کی سطح بحال ہوگئی۔
وزیراعظم کی جانب سے آنے والے دنوں میں بجلی کی قیمت میں کمی کے اعلان، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کی شرح گھٹنے اور مورگن اسٹینلے کیپیٹل انٹرنیشنل انڈیکس میں مزید پاکستانی کمپنیوں کی شمولیت جیسے عوامل کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی۔
تیزی کے سبب 51.35 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی 45ارب 63کروڑ 07لاکھ 14ہزار 021 روپے کا اضافہ ہوا، مثبت توقعات پر کاروبار کے تمام دورانیے پرافٹ ٹیکنگ کے باوجود مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن رہا۔
ایک موقع پر 832 پوائنٹس کا اضافہ بھی ہوا لیکن بعد دوپہر فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی نتیجتا کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 228.56 پوائنٹس کے اضافے سے 78105.98 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
کے ایس ای 30 انڈیکس 84.17 پوائنٹس کے اضافے سے 25045.21 پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 219.58 پوائنٹس کے اضافے سے 50243.25 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 120.76پوائنٹس کے اضافے سے 124644.18پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروباری حجم منگل کی نسبت 2.16فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 59کروڑ 10لاکھ 65ہزار 051 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 442 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 227 کے بھاو میں اضافہ 162 کے داموں میں کمی اور 53 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں ہال مارک کمپنی لمیٹڈ کے بھاو 48.97روپے بڑھکر 538.65روپے اور پاکستان انجینئرنگ کمپنی کے بھاو 33.87روپے بڑھکر 699.11روپے ہوگئے جبکہ پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے بھاو 84.87روپے گھٹ کر 883.73روپے اور نیسلے پاکستان کے بھاو 47.50روپے گھٹ کر 6800روپے ہوگئے۔