کراچی بلڈر سے دو کروڑ کی ڈکیتی مزاحمت پر سیکیورٹی گارڈ زخمی

پولیس نے بتایا کہ واردات پونے 6 بجے ہوئی اور واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے

پولیس نے بتایا کہ ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے—فوٹو: فائل

آئی آئی چندریگر روڈ پر نامعلوم مسلح ملزمان نے بلڈر سے دو کروڑ روپے چھین لیے اور مزاحمت کرنے پر ان کے سیکیورٹی گارڈ کو گولی مارکر زخمی کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ پر قائم اسٹاک ایکسچینج سے متصل ریلوے گودام کے قریب مقامی بلڈر حمزہ اپنے سیکیورٹی گارڈ کے ہمراہ بینک میں رقم جمع کرانے آیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان نے بلڈر سے دو کروڑ روپے چھین لیے جبکہ مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے سیکیورٹی گارڈ کو زخمی کردیا، سیکیورٹی گارڈ کی شناخت گل ضمیر کے نام سے ہوئی ہے۔


پولیس حکام کے مطابق بلڈر شارع فیصل نرسری کے قریب ایک بینک سے رقم نکلواکر اسٹاک ایکسچینج کے قریب بینک میں رقم جمع کرانے آیا تھا کہ ملزمان نے رقم چھین لی۔

انہوں نے بتایا کہ حمزہ کے بیان میں تضاد ہے، واردات تقریبا پونے 6 بجے ہوئی حالانکہ اس وقت بینک بند ہوجاتے ہیں۔

پولیس نے کہا کہ جائے وقوع کی سی سی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے، جس کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی جارہی ہے، دونوں مسلح ملزمان پینٹ شرٹ پہنے ہوئے تھے۔

دوسری جانب میٹھادر اور ریلوے پولیس رات گئے تک حدود کے تنازع پر آپس میں الجھی رہی۔
Load Next Story